خلاصہ: حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) نے زمانۂ غیبت کے لئے تین معرفتوں کے لئے جو دعا کرنی چاہیے اس کی اپنے صحابی زرارہ کو تعلیم دی۔
حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) نے اپنے صحابی زرارہ کو زمانۂ غیبت کے لئے اس دعا کی تعلیم دی: "اللّهُمَّ عَرِّفنِي نَفسَكَ فَإنَّكَ إنْ لَم تُعَرِّفنِي نَفسَكَ لَم أعرِف نَبِيَّكَ، اللّهُمَّ عَرِّفنِي رَسولَكَ فَإنَّكَ إنْ لَم تُعَرِّفنِي رَسولَكَ لَم أعرِفْ حُجَّتَكَ، اللّهُمَّ عَرِّفنِي حُجَّتَكَ فَإنَّكَ إنْ لَم تُعَرِّفنِي حُجَّتَكَ ضَلَلْتُ عَن دِينِي"، "بارالہٰا، مجھے اپنی معرفت دے کیونکہ اگر تو نے مجھے اپنی معرفت نہ دی تو میں تیرے نبیؐ کو نہیں پہچان سکوں گا، بارالہٰا مجھے اپنے رسولؐ کی معرفت دے کیونکہ اگر تو نے مجھے اپنے رسولؐ کی معرفت نہ دی تو میں تیری حجت کو نہیں پہچان سکوں گا، بارالہٰا مجھے اپنی حجت کی معرفت دے کیونکہ اگر تو نے مجھے اپنی حجت کی معرفت نہ دی تو میں اپنے دین سے گمراہ ہوجاؤں گا"۔ [الکافی، ج۱، ص۳۳۷، ح۵]
آدمی جب کسی کی مدح و تعریف کرتا ہے تو وہ مدح محبت کی وجہ سے ہوتی ہے اور محبت کی علامت فرمانبرداری ہے۔ فرمانبرداری کے بغیر مدح و تعریف کرنا ان الفاظ کو بولنے کی طرح ہے جو بے معنی ہوں۔
اللہ و رسولؐ کا ایک اہم ترین حکم اور فرمان سب انسانوں کےلئے یہ ہے کہ رسول (صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم) کے بارہ خلیفوں پر ایمان لایا جائے، ان کی معرفت حاصل کی جائے اور ان کے احکام و فرامین پر عمل کیا جائے، لہذا صرف مدح و تعریف کافی نہیں، بلکہ معرفت بھی ضروری ہے۔ اس معرفت کی علامت یہ ہے کہ جتنی معرفت اور پہچان بڑھتی جائے گی اتنی مدح و ثنا اور تعریف بھی بڑھتی جائے گی۔
جو شخص اللہ اور رسولؐ کی مدح و ثنا کرتا ہے، لیکن حجت کو نہیں پہچانتا تو وہ دین سے گمراہ ہے، لہذا وہ مدح و ثنا کسی اور کی کرتا ہے نہ کہ اللہ اور اس کے رسولؐ کی، کیونکہ اگر حجت کو نہ پہچانے تو اس نے اللہ اور رسولؐ کو پہچانا ہی نہیں۔
* الکافی، شیخ کلینی، ج۱، ص۳۳۷، ح۵۔
Add new comment