باب الحوائج حضرت ابوالفضل العباس (۱)

Tue, 03/08/2022 - 09:24
ابوالفضل العباس

 حضرت باب الحوائج ابوالفضل العبّاس علیه السلام شیعوں کے پہلے امام مولائے کائنات حضرت امام علی (ع) وجناب امّ‌البنین (س) کے فرزند ارجمند تھے آپ کی ولادت باسعادت ۴- شعبان سنہ ۲۶ هجری کو مدینه منوره میں ہوئی ۔

آپ کی والدہ ماجدہ حضرت فاطمه بنت حزام بن خالد تھیں جو قبیلہ بنی کلاب کی چشم وچراغ تھیں جن کے خاندان کے تمام بزرگ عرب کے بہادر جواں مردوں میں سے تھے جو اپنی شجاعت اور جواں مردی میں زباں زد خاص وعام تھے  ۔

حضرت امام علی (ع) نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے ۱۰ سال بعد جناب امّ البنین (س) سے شادی کی ، اس کے بعد سے اس عظیم خاتون نے حضرت زهرا (س) کے بچو ں کی سرپرستی فرمائی انھوں نے اپنے بچوں سے زیادہ محبت کے ساتھ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کےبچوں کاخیال رکھا ۔

حضرت امّ البنین سلام اللہ علیہا اس بات کی اجازت نہیں دیتی تھیں کہ انھیں فاطمہ کہ کربلایا جائے وہ کہتی تھیں؛ مجھے فاطمه کہکر نہ بلایا کریں اس لیے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا  کے فرزند اس نام کو سن کراپنی ماں کی یاد میں غمزدہ ہوجاتے ہیں میں انھیں غمزدہ اور پریشان نہیں دیکھ سکتی ۔

حضرت فاطمه بنت حزام (س) کو«امُّ البنین؛ بیٹوں کی ماں» کے نام سے اس لئے یاد کیا جاتا ہے کہ مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام سے شادی کے نتیجہ میں آپ کے یہاں چار بیٹوں کی ولادت ہوئی تھی جن کے اسماء گرامی اسطرح ہیں جناب عباس(ع) جناب عون(ع) جناب جعفر (ع) اور جناب عثمان(ع) تھے ۔

جناب ام البنین (س) کے یہ چارو بیٹے  روزعاشورہ  سنہ ۶۱ هجری کو کربلا میں اپنے بھائی اور سید و سردار حضرت سیدالشهداء(ع) کے ساتھ شهادت کےعظیم درجہ پر فائز ہوئے ۔

القاب حضرت ابوالفضل علیه السلام

حضرت عباس (ع) کی کنیت «ابوالفضل» اور آپ کے القاب «قمر بنی هاشم»، «قمر العشیره»، «باب الحوائج»، «سقائے کربلا»، «ساقی عطاشا»، «علمدار کربلا»، «صاحب لواء»، «حامل لواء»، «عبد صالح»، «طیار»، «ابوقربه» (صاحب مشک)، «عمید»، «صابر»، «محتسب» و«مواسی» (فداکار) وغیرہ ہیں ۔

جناب عباس بن علی (ع) کو ان کے خوبصورت ، جذاب اور نورانی چہرہ کی وجہ سے«قمر بنی هاشم‏» اور صحرای کربلاکی تپتی ہوئی دھوپ میں خیموں تک پانی پہونچانے کی جد وجہد کی وجہ سے «سقا» کے لقب یاد کیا جاتا ہے ۔

فضائل حضرت عباس علیه السلام کے بعض گوشے

حضرت عبّاس سلام الله علیه کی عظیم شخصیت میں ظاهری جمال اور باطنی کمال دونوں یکجا جمع ہوگئے تھے ۔ آپ اتنے زیادہ خوبصورت اور نورانی تھے کہ آپ کو«قمر بنی هاشم» کے لقب سےملقب کیا گیا تھا ۔

 امام جعفر صادق علیه السّلام اپنے چچا حضرت عبّاس سلام الله علیه کو آسمانی صفت «عبد صالح» سے توصیف فرماتے ہوئےارشاد فرماتے ہیں: «اَلسَّلامُ عَلَیکَ اَیهَا الْعَبْدُ الصّالِحُ »

اسی طرح امام جعفرصادق علیه السلام فرماتے ہیں کہ «آپ (جناب عباس) انتہائی مضبوط اور مستحکم ایمان کے حامل تھے»

تحریر: مولانا سید حمیدالحسن زیدی
مدیر الاسوہ فاؤنڈیشن سیتاپور ھند
 

Add new comment

Plain text

  • No HTML tags allowed.
  • Web page addresses and e-mail addresses turn into links automatically.
  • Lines and paragraphs break automatically.
5 + 5 =
Solve this simple math problem and enter the result. E.g. for 1+3, enter 4.
ur.btid.org
Online: 69