تاریخ شیعت کا دور زرین (۱)

Thu, 05/30/2024 - 16:37

شیعہ مذہب ہمیشہ سے امام جعفر صادق علیہ السلام کے مبارک نام سے جڑا ہوا ہے۔ اس سوال کا جواب پانے کیلئے مکتب اہلبیت علیہم السلام کو مکتب جعفری ہی کیوں کہا جاتا ہے؟ ہمیں اس عظیم امام کی امامت کے زمانے کا بغور جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ ائمہ معصومین علیہم السلام میں سے ہر ایک کی امامت کی مدت، ان کی زندگی کے اہم ترین حصوں میں سے ایک ہے۔ چونکہ ہر معصوم امام نے اپنے زمانے کے مخصوص سیاسی، ثقافتی اور سماجی حالات کے مطابق حکمت عملی اختیار کی اور ان سے ہم آہنگ اقدامات انجام دیئے ہیں لہذا امام جعفر صادق علیہ السلام کے دور کے حالات کو جاننا اور پرکھنا اس معاملے میں ہماری مدد کر سکتا ہے، ائمہ اطہار علیہم السلام دین کے بہترین محافظ اور نگہبان ہیں اور انہوں نے انبیاء علیہم السلام خاص طور پر پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے مشن اور راستے کو ہی آگے بڑھایا ہے۔

 امام جعفر صادق علیہ السلام کے زمانے کے ثقافتی اور سیاسی حالات

سیاسی نقطہ نظر سے امام جعفر صادق علیہ السلام کا زمانہ، اسلامی تاریخ کے اہم ترین زمانوں میں شمار ہوتا ہے جس میں اہم انقلابات اور واقعات رونما ہوئے جن میں سے ایک اہم ترین واقعہ حکومت اور اقتدار کی بنی امیہ سے بنی عباس کو منتقلی ہے ، بنی عباس، جو گذشتہ طویل عرصے سے بنی امیہ کے خلاف نبرد آزما تھے، نے اپنی خاص پالیسیوں کے ذریعے بڑی کامیابیاں حاصل کیں ، انہوں نے اپنی تحریک کا نعرہ "آل محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خوشنودی" قرار دیا اور خود کو رسول خدا صلی اللہ علیہ و الہ وسلم کے خاندان سے عقیدت رکھنے والا اور قریبی ظاہر کیا ، یوں انہوں نے تھوڑے ہی عرصے میں اپنے مخالفین کا قلع قمع کردیا اور ۱۳۲ ہجری قمری میں اموی سلسلہ خلافت کا خاتمہ کر ڈالا ، ابوالعباس سفاح نے پہلے عباسی خلیفہ کے طور پر اقتدار سنبھالا ، اگرچہ شروع میں یہ تصور پایا جاتا تھا کہ پیروان اہلبیت علیہم السلام کو بنی امیہ کے دباؤ اور ظلم و ستم سے نجات مل گئی ہے لیکن جلد ہی بنی عباس کا اصل چہرہ سامنے آگیا۔

بنی عباس، جنہوں نے اہلبیت علیہم السلام کو خلافت واپس دلانے کا وعدہ کیا تھا انہوں نے اقتدار میں آنے کے بعد نہ صرف اپنا وعدہ پورا نہیں کیا بلکہ خاندان رسول اکرم (ص) کو بھی سخت دباؤ کا شکار کر ڈالا اور یوں پیروکاران اہلبیت علیہم السلام کو ظلم و ستم کا نشانہ بنانے میں بنو امیہ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، جب سفاح کا بھائی منصور اقتدار میں آیا تو حالات بالکل بدل گئے وہ ایک ظالم اور بے رحم خلیفہ تھا جو علویوں، خاص طور پر امام جعفر صادق علیہ السلام کو اپنے اقتدار کیلئے واحد خطرہ تصور کرتا تھا لہذا اس نے امام علیہ السلام اور ان کے پیروکاروں پر شدید دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ، امام جعفر صادق علیہ السلام کی امامت کا آخری حصہ تاریخ اسلام میں اہل تشیع کیلئے مشکل ترین زمانوں میں سے ایک تھا جس میں امام علیہ السلام اور انکے پیروکاروں کے درمیان رابطہ مکمل طور پر کاٹ دیا گیا تھا۔

Add new comment

Plain text

  • No HTML tags allowed.
  • Web page addresses and e-mail addresses turn into links automatically.
  • Lines and paragraphs break automatically.
1 + 0 =
Solve this simple math problem and enter the result. E.g. for 1+3, enter 4.
ur.btid.org
Online: 30