اسلامی طرز زندگی: صلہ رحمی کے آثار

Sat, 10/28/2023 - 11:08

صلہ رحمی کے مختلف دنیوی اور اخروی آثار ذکر ہوئے ہیں جن پر سیر حاصل بحث ایک طولانی بحث کا تقاضا کرتی ہے لہذا اس مختصر مضمون میں صرف چند باتوں کی جانب اشارہ کریں گے۔

الف : صلہ رحمی کا سب سے پہلا اثر یہ ہے کہ صلہ رحمی ، عمر میں اضافہ کا باعث ہے اور انسان ناگہانی موت سے نجات پاتا ہے۔

میسر نامی راوی پانچویں امام محمد باقر علیہ السلام یا چھٹے امام جعفر صادق علیہ السلام سے نقل کرتے ہیں کہ امام نے مجھ سے فرمایا کہ لگتا ہے کہ تم اپنے قرابت داروں سے صلہ رحمی انجام دیتے ہو ؟ میں نے عرض کیا جی ہاں ، میری جان آپ پر قربان ہو ، جب میں بچہ تھا اور بازار میں کام کیا کرتا تھا تو مجھے روزانہ اجرت میں دو درہم ملتے تھے ، جس میں سے ایک درہم اپنی پھوپھی اور ایک درہم اپنی خالہ کو دے دیتا تھا ، اس وقت امام نے مجھ سے فرمایا کہ خدا کی قسم دو بار تمہاری موت کا وقت آگیا تھا لیکن صلہ رحمی کے باعث تمہاری موٹ ٹل گئی۔ (۱)

محمد عبیداللہ امام رضا علیہ السلام سے نقل کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا : صلہ رحم کے علاوہ عمر میں اضافہ کرنے والی کسی چیز کو ہم نہیں جانتے حتی کہ ایک شخص کی عمر کے تین سال بچے تھے اور وہ صلہ رحمی انجام دیتا ہے خدا اس کی عمر میں تیس سال کا اضافہ کردیتا ہے اور اس کی عمر تینتیس سال ہوجاتی ہے اور ایک دوسرے شخص کی عمر کے تینتیس سال بچے تھے لیکن وہ قاطع رحم تھا پس خدا اس کی عمر کے تیس سال کم کردیتا ہے اور اس کی عمر کے تین سال بچتے ہیں۔ (۲)

ب : صلہ رحمی سے مصیبتیں ٹلتی ہیں اور مال میں اضافہ ہوتا ہے۔

اس روایت میں امام ارشاد فرما رہے ہیں کہ صلہ رحمی سے مال میں برکت اور وسعت عطا ہوتی ہے اور عمر میں اضافہ کا باعث ہے۔ امام زین العابدین علیہ السلام ارشاد فرماتے ہیں کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا : جو اس بات کو پسند کرتا ہے کہ خدا اس کی عمر میں اضافہ اور اس کے رزق میں وسعت عطا کرے تو اسے چاہئے کہ صلہ رحم انجام دے۔ (۳)

.............................

حوالہ جات

۱: مجلسی ، محمد باقر ، بحارالانوار ، ج ۷۱ ، ص ۱۰۰ ، عن ميسر ، عن أحدهما ع قال : قال لي : يا ميسر إني لاظنك وصولا لقرابتك ; قلت : نعم جعلت فداك ، لقد كنت في السوق وأنا غلام واجرتي درهمان وكنت اعطي واحدا عمتي ، وواحدا خالتي ، فقال : أما والله لقد حضر أجلك مرتين كل ذلك يؤخر۔

۲: کلینی ، محمد بن یعقوب ، الکافی ، ج ۲ ، ص ۱۵۲ و ۱۵۳  ، عَنْ إِسْحَاقَ بْنِ عَمَّارٍ قَالَ قَالَ أَبُو عَبْدِ اللَّهِ ع‌ مَا نَعْلَمُ شَيْئاً يَزِيدُ فِي الْعُمُرِ إِلَّا صِلَةَ الرَّحِمِ حَتَّى إِنَّ الرَّجُلَ‌يَكُونُ أَجَلُهُ ثَلَاثَ سِنِينَ فَيَكُونُ وَصُولًا لِلرَّحِمِ فَيَزِيدُ اللَّهُ فِي عُمُرِهِ ثَلَاثِينَ سَنَةً فَيَجْعَلُهَا ثَلَاثاً وَ ثَلَاثِينَ سَنَةً وَ يَكُونُ أَجَلُهُ ثَلَاثاً وَ ثَلَاثِينَ سَنَةً فَيَكُونُ قَاطِعاً لِلرَّحِمِ فَيَنْقُصُهُ اللَّهُ ثَلَاثِينَ سَنَةً وَ يَجْعَلُ أَجَلَهُ إِلَى ثَلَاثِ سِنِينَ۔

۳: گذشتہ حوالہ ، ص ۱۵۶ ، عَنْ عَلِيِّ بْنِ الْحُسَيْنِ ع قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ ص‌ مَنْ سَرَّهُ أَنْ يَمُدَّ اللَّهُ فِي عُمُرِهِ وَ أَنْ يَبْسُطَ لَهُ فِي رِزْقِهِ فَلْيَصِلْ رَحِمَهُ۔

Add new comment

Plain text

  • No HTML tags allowed.
  • Web page addresses and e-mail addresses turn into links automatically.
  • Lines and paragraphs break automatically.
1 + 9 =
Solve this simple math problem and enter the result. E.g. for 1+3, enter 4.
ur.btid.org
Online: 71