خلاصہ: قرآن کریم تحریف سے محفوظ ہے، اس کی کئی وجوہات ہیں، جن میں سے چند اس مضمون میں ذکر ہوئی ہیں۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم
قرآن کریم جو آخری آسمانی کتاب ہے اس کا سابقہ آسمانی کتب سے ایک اہم فرق یہ ہے کہ اسلام و قرآن کے دشمنوں نے جتنی ناپاک کوششیں کی ہیں کہ قرآن کریم کی تحریف کریں یعنی اس سے کچھ کم یا زیادہ کریں، تو وہ اپنی ان کوششوں میں ناکام رہے ہیں، اس کی کئی وجوہات ہیں:
۱۔ قرآن کریم کا مسلمانوں کی نظر میں انتہائی مقدس ہونا اور ان کا قرآن کریم سے انس و محبت، دشمنوں کے لئے اس کام سے رکاوٹ بنی ہے۔
۲۔ قرآن کریم کو حفظ، اس کی تلاوت، اس میں تدبّر اور غور و خوض کرنے،اس کی تعلیم لینے، تعلیم دینے اور اس پر عمل کرنے کے بارے میں پیغمبر اکرم (صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم) اور اہل بیت (علیہم السلام) کی روایات باعث بنی ہیں کہ مسلمان لوگ مختلف طریقوں سے قرآن مجید کے ساتھ منسلک رہیں۔
۳۔ قرآن کریم ایسی کتاب ہے کہ مسلمان ہمیشہ نمازوں، مساجد، گھروں میں اس کی تلاوت کرتے رہے اور میدان جنگ میں دشمنوں سے آمنا سامنا کرتے ہوئے قرآن مجید میں سے اپنے مکتب کی حقانیت پر دلیل پیش کرتے تھے۔
۴۔ دین اسلام آخری دین ہے اور اس کا عظیم ترین معجزہ قرآن کریم ہے۔ اس معجزہ کا لازمہ یہ ہے کہ جاوید اور دائمی طور پر باقی رہے اور ہرگز اس میں تحریف اور تبدیلی نہ ہوسکے۔ سورہ حجر کی آیت ۹ میں ارشاد الہی ہے: "إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ وَإِنَّا لَهُ لَحَافِظُونَ"، "بے شک ہم نے ہی ذکر (قرآن) اتارا ہے اور ہم ہی اس کے محافظ ہیں"۔ لہذا قرآن کریم کی کوئی شخص تحریف نہیں کرسکتا۔
Add new comment