صبر اور نماز سے مدد طلب کرنے کا معنی(1)

Sun, 10/15/2023 - 10:31

ارشاد رب العزت ہوتا : صبر اور نماز کے ذریعے (اللہ سے) مدد چاہو، اور بیشک یہ گراں ہے مگر ان پر (ہرگز) نہیں جن کے دل خشیتِ الٰہی سے شکستہ ہیں۔ (۱) دوسری جگہ ارشاد ہوتا صبر اور نماز کے ذریعے (اللہ سے) مدد چاہو ، بیشک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ (۲) یعنی اپنی باطنی خواہشات پر صبر کے ذریعہ کنٹرول کرکے اور نماز کے ذریعہ اللہ کی جانب متوجہ ہوکر قدرت حاصل کرو ، اور یہ کام بہت سخت ہے سوائے ان کے جن کے دل خشیت الہی سے لبریز ہیں۔

کلمہ استعانت کے معنی ہیں مدد چاہنا ، یاری طلب کرنا اور اس کی ضرورت اس وقت پڑتی ہے جبکہ انسان اپنی طاقت کے بل بوتے پر کوئی کام انجام نہ دے سکے۔ اس آیہ کریمہ میں خداوند متعال ہمیں دستور دے رہا ہے کہ مشکلات کے وقت صبر اور نماز سے وابستہ رہو ، شدائد کے وقت صبر اور نماز کا دامن تھامو ، یہ دستور اس لئے دیا جا رہا ہے تاکہ انسان سمجھ سکے کہ خدا کے علاوہ کوئی یاور اور مددگار نہیں ہے اور تنہا وہ ہے جو ہماری مدد کرسکتا ہے ، لہذا خداوند متعال انسان کو سمجھا رہا ہے کہ استقامت کا مظاہرہ کرکے خدا سے اپنا رابطہ مضبوط کرکے ، دل کی گہرائیوں سے اس کی جانب متوجہ ہوکر ، صبر اور نماز سے مدد طلب کرو ، صبر اور نماز دونوں کامیابی کے بہترین وسیلے ہیں چونکہ صبر بڑی سے بڑی مصیبت کو حقیر اور ناچیز بنا دیتا ہے اور نماز جو کہ خدا کی جانب متوجہ ہونا اور اس کی پناہ میں آجانا ہے روحِ ایمان کو تازہ کردیتی ہے اور انسان کو یہ سبق دیتی ہے کہ تم نے اس ہستی سے لو لگائی ہے اس ذات پر تم نے تکیہ کیا ہے جو زوال پذیر نہیں ہے جس کو فنا نہیں ہے جو ہر چیز کی مالک اور ہر چیز پر قدرت رکھنے والی ذات ہے۔(۳)

صبر کے معنی ہیں نفس کو روکنا اس چیز پر جس سے نفس فرار کر رہا ہے یا نفس کو روکنا اس چیز سے جس کی جانب نفس مائل ہے اور اس کی مختلف قسمیں ہیں جس میں ہر کا ایک الگ نام ہے مثلا نفسانی شہوتوں کے مقابل صبر کرنا عفت کہلاتا ہے ، غصہ کو کنٹرول کرتے وقت صبر ، حلم کہلاتا ہے ، دنیا کی رنگینیوں کے مقابل صبر ، زہد کہلاتا ہے ، رازوں کو چھپانے پر صبر کا مظاہرہ ، کتمانِ سر کہلاتا ہے ، اللہ کی تکالیف کو بجا لانے پر صبر ، اطاعت کہلاتا ہے ، میدان جنگ میں صبر ، شجاعت کہا جاتا ہے وغیرہ۔ (۴)

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

حوالہ جات

۱: سورہ بقرہ آیت ۴۵ ، وَاسْتَعِينُواْ بِالصَّبْرِ وَالصَّلاَةِ وَإِنَّهَا لَكَبِيرَةٌ إِلاَّ عَلَى الْخَاشِعِينَ۔

۲: سورہ بقرہ آیت ۱۵۳ ، يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اسْتَعِينُوا بِالصَّبْرِ وَالصَّلَاةِ ۚ إِنَّ اللَّهَ مَعَ الصَّابِرِينَ۔

۳: علامہ طباطبائی ، المیزان فی تفسیر القرآن ، ج ‏۱ ، ص ۱۵۲۔

۴: سید عبدالحسین طیب ، اطيب البيان في تفسير القرآن ، جلد ۲ ، ص ۱۹ و ۲۰۔

Add new comment

Plain text

  • No HTML tags allowed.
  • Web page addresses and e-mail addresses turn into links automatically.
  • Lines and paragraphs break automatically.
14 + 5 =
Solve this simple math problem and enter the result. E.g. for 1+3, enter 4.
ur.btid.org
Online: 30