قرآن میں کلمہ جاہلیت چار مرتبہ استعمال ہوا ہے اور ہر مرتبہ ایک الگ معنی میں ہے ، سورہ آل عمران آیت نمبر ۱۵۴ میں فکری جاہلیت ، جاہلی سوچ کی مذمت وارد ہوئی ہے ، ارشاد ہوتا ہے : اور ان کے ذہن میں خلاف حق جاہلیت جیسے خیالات تھے۔ (۱)
سورہ مائدہ آیت ۵۰ میں حکم اور قانون گذاری میں جاہلیت ، جاہلی قوانین کی مذمت وارد ہوئی ہے ، ارشاد ہوتا ہے : کیا یہ لوگ جاہلیت کا حکم چاہتے ہیں جب کہ صاحبانِ یقین کے لئے اللہ کے فیصلہ سے بہتر کس کا فیصلہ ہوسکتا ہے۔(۲)
سورہ احزاب آیت ۳۳ میں جاہلی ثقافت اور کلچر کی مذمت وارد ہوئی ہے ، ارشاد ہوتا ہے : اور اپنے گھر میں بیٹھی رہو اور پہلی جاہلیت جیسا بناؤ سنگھار نہ کرو اور نماز قائم کرو اور زکوۃ ادا کرو اوراللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو۔(۳)
سورہ فتح آیت ۲۶ میں جاہلی حمیت غیرت اور پارٹی بازی کی مذمت وارد ہوئی ہے ، ارشاد ہوتا ہے : یہ اس وقت کی بات ہے جب کفار نے اپنے دلوں میں زمانہ جاہلیت جیسی ضد قرار دے لی تھی کہ تم کو مکہ میں داخل نہ ہونے دیں گے تو اللہ نے اپنے رسول اور صاحبانِ ایمان پر سکون نازل کردیا اور انہیں کلمہ تقویٰ پر قائم رکھا اور وہ اسی کے حقدار اور اہل بھی تھے اور اللہ تو ہر شے کا جاننے والا ہے۔ (۴)
ہر بار الگ مصداق کے ساتھ کلمہ جاہلیت کا استعمال اس لفظ کے مفہوم کو بہت وسعت اور عمومیت عطا کرتا ہے اور زندگی کے مختلف شعبہ جات کو مختلف زمانوں اور مختلف مکانات میں شامل ہوتا ہے۔ اسی بناپر جاہلیت کبھی افکار ، نظریات ، سوچ اور عقائد و آئیڈیالوجی میں ظاہر ہوتی ہے کبھی نظام ، سیسٹم اور قوانین کی شکل میں ظاہر ہوتی ہے کبھی رسموں ، عادات ، کلچر و ثقافت ، عورتوں مردوں کے تعلقات ، لباس و پہناوے اور لائف اسٹائل کی صورت میں اپنا چہرہ نمایاں کرتی ہے کبھی دوستی پارٹی بازی زبانی علاقائی گروہی سیاسی تنظیمی تعصب کی شکل میں ظاہر ہوتی ہے۔
جاری ہے ۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حوالہ جات
۱: سورہ آل عمران آیت ۱۵۴ ، وَطَائِفَةٌ قَدْ أَهَمَّتْهُمْ أَنْفُسُهُمْ يَظُنُّونَ بِاللَّهِ غَيْرَ الْحَقِّ ظَنَّ الْجَاهِلِيَّةِ۔
۲: سورہ مائدہ آیت ۵۰ ، أَفَحُكْمَ الْجَاهِلِيَّةِ يَبْغُونَ ۚ وَمَنْ أَحْسَنُ مِنَ اللَّهِ حُكْمًا لِقَوْمٍ يُوقِنُونَ۔
۳: سورہ احزاب آیت ۳۳ ، وَقَرْنَ فِي بُيُوتِكُنَّ وَلَا تَبَرَّجْنَ تَبَرُّجَ الْجَاهِلِيَّةِ الْأُولَىٰ ۖ وَأَقِمْنَ الصَّلَاةَ وَآتِينَ الزَّكَاةَ وَأَطِعْنَ اللَّهَ وَرَسُولَهُ۔
۴: سورہ فتح آیت ۲۶ ، إِذْ جَعَلَ الَّذِينَ كَفَرُوا فِي قُلُوبِهِمُ الْحَمِيَّةَ حَمِيَّةَ الْجَاهِلِيَّةِ فَأَنْزَلَ اللَّهُ سَكِينَتَهُ عَلَىٰ رَسُولِهِ وَعَلَى الْمُؤْمِنِينَ وَأَلْزَمَهُمْ كَلِمَةَ التَّقْوَىٰ وَكَانُوا أَحَقَّ بِهَا وَأَهْلَهَا۔
Add new comment