ائمہ ہدیٰ کی حرمت غیبت و حضور سے متاثر نہیں ہوتی

Thu, 04/07/2022 - 07:08
مولانا صفی حیدر

تنظیم المکاتب کے جنرل سکریٹری مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب کا مذمتی بیانیہ

بسم اللہ الرحمن الرحیم

سَیعلَمُ الّذینَ ظَلَموا أَی مَنقَلَبٍ ینقَلِبونَ (سورہ شعراء آیت ۲۲۷)

انتہائی افسوسناک خبر موصول ہوئی کہ ماہ رحمت و برکت و مغفرت کہ جس میں اللہ میزبان ہوتا ہے اور اس کے مخلص بندے مہمان ہوتے ہیں، سلطان عرب و عجم امام رؤوف حضرت امام علی بن موسی الرضا علیہما السلام کے حرم مطہر میں وہابی دہشت گردانہ حملہ ہوا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق جسمیں ایک عالم شہید اور دو شدید زخمی ہوگئے۔

دہشت گردانہ حملہ کہیں بھی ہو ، کسی بھی بے گناہ انسان کو قتل کیا جائے قابل مذمت ہے ۔ لیکن یہ حملہ اس عظیم بارگاہ ملکوتی میں ہوا جو روایات کی روشنی میں روضۃ الجنہ ہے کہ اگر کوئی گناہگار زیارت کرے تو خدا اس کے گناہ معاف کر دے اور اگر کوئی پریشاں حال حاضری دے تو اللہ اسکی پریشانیاں برطرف کردے کیوں کہ ائمہ ہدیٰ علیہم السلام کی حرمت ،غیبت و حضور سے نہ متاثر ہوتی ہے اور نہ ہی زخم شمشیر اور جام زہر ان کی پاکیزہ حیات کو ختم کرسکتا ہے اور نہ ہی ان کے تکلم، سماعت و بصارت پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔

"اللَّهُمَّ إِنِّي أَعْتَقِدُ حُرْمَةَ صَاحِبِ هَذَا الْمَشْهَدِ الشَّرِيفِ فِي غَيْبَتِهِ، كَمَا أَعْتَقِدُهَا فِي حَضْرَتِهِ، وَ أَعْلَمُ أَنَّ رَسُولَكَ وَ خُلَفَاءَكَ عَلَيْهِمُ السَّلامُ، أَحْيَاءٌ عِنْدَكَ يُرْزَقُونَ، يَرَوْنَ مَقَامِي، وَ يَسْمَعُونَ كَلامِي، وَ يَرُدُّونَ سَلامِي"

 اس دہشت گردانہ حملے میں جہاں ایک مومن و عالم شہید ہوئے اور دو زخمی ہوئے وہیں ’’بَابٌ مِنْ أَبْوَابِ بُيُوتِ نَبِيِّہ‘‘ (اللہ کے نبی ؐکے گھروں میں سے ایک گھر کے دروازے) کی توہین ہوئی کہ جس نے چودہ سو سال پہلے مدینہ منورہ میں ہوئےظلم کی تکرار کرتے ہوئے تمام عالم اسلام خصوصا عالم تشیع کے دلوں کو ملول اور آنکھوں کو اشکبار کردیا۔

 اس دہشت گردانہ حملے نے جہاں ہمیں سوگوار اور عزادار کیا  وہیں ہماری غیرت کو بھی للکارا اور ہر انسان کو سوچنے پر مجبور کر دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نامور اور سب سے بڑے زیارتی شہر مشہد مقدس میں، وہ بھی روضہ مبارک کے اندر یہ حادثہ کیسے رونما ہوا؟ کہیں یہ سازش تو نہیں کہ مشہد کو بھی سامرہ  بنانا ہے؟ جیسا کہ بعض اہل علم و اہل نظر کافی عرصے سے اس جانب متوجہ بھی کرتے آئے ہیں ۔

 لیکن ہم مطمئن ہیں اور خدا کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں رہبر کبیر حضرت امام خمینی قدس سرہ کے بعد آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای دام ظلہ الوارف جیسا عظیم ، بصیر اور مخلص قائد عطا کیا ہے کہ جن کے چند منٹ کا بیان عالمی استعمار کی سازشوں کو بے نقاب اور شکست فاش دیتا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ انشاء اللہ ہمارے رہبر و پیشوا اپنی بصیرت و حکمت سے ہمیں اس محاذ پر بھی کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔

 ہم اس دہشت گردانہ حملے اور گستاخانہ حرکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید کے علوئے درجات اور زخمیوں کی صحت کامل، شفاے عاجل اور طول عمر کی دعا کرتے ہیں اور مومنین سے اسی دعا کی گذارش کرتے ہیں۔

 سوگوار واشکبار

(مولانا) سید صٖفی حیدر زیدی

 سکریٹری تنظیم المکاتب لکھنو ھند

Add new comment

Plain text

  • No HTML tags allowed.
  • Web page addresses and e-mail addresses turn into links automatically.
  • Lines and paragraphs break automatically.
4 + 12 =
Solve this simple math problem and enter the result. E.g. for 1+3, enter 4.
ur.btid.org
Online: 42