فضائل ماہ شعبان معصومین کی نگاہ

Wed, 03/23/2022 - 18:50

ماہ شعبان پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و الہ و سلم کا مہینہ ہے ، آپ (ص) اس ماہ میں روزے رکھتے اور انہیں ماہ مبارک رمضان کے روزوں سے متصل فرماتے ۔

اس سلسلہ میں آنحضرت کا فرمان ہے: شَعبانُ شَهري و رَمَضانُ شَهرُ اللّه ِ فَمَن صامَ شَهري كُنتُ لَهُ شَفيعا يَومَ القِيامَةِ ۔ (۱)

شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان خدا کا مہینہ ہے ، اس ماہ میں روزہ رکھنے والے کی میں قیامت کے دن شفاعت کروں گا ۔

امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں کہ جب شعبان کا چاند نمودار ہوتا تو امام زین العابدین علیہ السلام تمام اصحاب کو جمع کرتے اور فرماتے : اے میرے اصحاب ! جانتے ہو کہ یہ کونسا مہینہ ہے ؟ یہ شعبان کا مہینہ ہے اور رسول الله (ص) فرمایا کرتے تھے کہ یہ شعبان میرا مہینہ ہے، پس اپنے نبی (ص) کی محبت اور خدا کی قربت کیلئے اس مہینے میں روزے رکھو ، اس خدا کی قسم کہ جس کے قبضہ قدرت میں علی ابن الحسین (ع) کی جان ہے میں نے اپنے پدر بزرگوار حسین ابن علی (ع) سے سنا وہ فرماتے تھے میں نے اپنے والد گرامی امیر المومنین (ع) سے سنا کہ جو شخص محبت رسول اور تقرب خدا کیلئے شعبان میں روزہ رکھے تو خدائے تعالیٰ اسے اپنا تقرب عطا کریگا قیامت کے دن اس کو عزت و احترم ملے گا اور جنت اس کیلئے واجب ہو جائے گی ۔

امام جعفر صادق علیہ السلام نے ایک دوسری میں فرمایا : مَنْ صَامَ ثَلَاثَةَ أَيَّامٍ مِنْ آخِرِ شَعْبَانَ وَ وَصَلَهَا بِشَهْرِ رَمَضَانَ كَتَبَ اللَّهُ لَهُ صَوْمَ شَهْرَيْنِ مُتَتَابِعَيْن‏ ۔ (۲)

جو کوئی بھی ماہ شعبان کے اخری تین دنوں میں روزے رکھے گا اور اسے ماہ مبارک رمضان سے ملا دے گا خداوند متعال اسے مسلسل دوماہ روزے کا ثواب عطا کرے گا ۔

شیخ نے صفوان جمال سے روایت کی ہے کہ امام جعفر صادق (ع) نے فرمایا: اپنے قریبی لوگوں کو ماہ شعبان میں روزہ رکھنے پر آمادہ کرو ! میں نے عرض کیا آپ پر قربان ہو جاوٴں اس میں کوئی فضیلت ہے ؟ آپ (ع) نے فرمایا ہاں اور فرمایا رسول الله (ص)جب شعبان کا چاند دیکھتے تو آپ کے حکم سے ایک منادی یہ ندا کرتا : اے اہل مدینہ! میں رسول خدا کا نمائندہ ہوں اور ان کا فرمان ہے کہ شعبان میرا مہینہ ہے ، خدا کی رحمت ہو اس پر جو اس مہینے میں میری مدد کرے، یعنی روزہ رکھے۔

صفوان کہتے ہیں امام جعفر صادق (ع) کا ارشاد ہے کہ امیر المؤمنین (ع) فرماتے تھے جب سے منادی رسول (ص) نے یہ ندا دی اس کے بعد شعبان کا روزہ مجھ سے قضا نہیں ہوا اور جب تک زندگی کا چراغ گل نہیں ہوجاتا یہ روزہ مجھ سے ترک نہیں ہوگا نیز فرمایا کہ شعبان اور رمضان دو مہینوں کے روزے توبہ اور بخشش کا موجب ہیں۔

اسماعیل بن عبد الخالق سے روایت ہے کہ امام جعفر صادق (ع)کی خدمت میں حاضر تھا، وہاں شعبان کے روزہ کا ذکر ہوا تو حضرت نے فرمایا ماہ شعبان کے روزے رکھنے کی بہت زیادہ فضیلت ہے حتی کہ نا حق خون بہانے والے کو بھی ان روزوں سے فائدہ پہنچ سکتا ہے اور وہبخشا جا سکتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حوالہ:
۱: بحار الأنوار ، ج 97 ، ص 83 .
۲: من لا یحضره الفقیه ج 2 ، ص 94 ، ح 1829 ۔  و امالی(صدوق) ص 670

Add new comment

Plain text

  • No HTML tags allowed.
  • Web page addresses and e-mail addresses turn into links automatically.
  • Lines and paragraphs break automatically.
2 + 0 =
Solve this simple math problem and enter the result. E.g. for 1+3, enter 4.
ur.btid.org
Online: 17