خلاصہ: زیارت جامعہ کبیرہ کی تشریح کرتے ہوئے اس فقرے کی وضاحت کی جارہی ہے جس میں یہ بیان ہوا ہے کہ اہل بیت (علیہم السلام) علم کے خزانے دار ہیں۔
زیارت جامعہ کبیرہ میں حضرت امام علی النقی الہادی (علیہ السلام) فرماتے ہیں:"اَلسَّلامُ عَلَيْكُمْ يا اَهْلَ بَيْتِ النُّبُوَّةِ، وَ مَوْضِعَ الرِّسالَةِ، وَ مُخْتَلَفَ الْمَلائِكَةِ، وَ مَهْبِطَ الْوَحْيِ، وَ مَعْدِنَ الرَّحْمَةِ وَ خُزّانَ العِلْمِ"، "آپ پر سلام ہو اے نبوت کا گھرانہ، اور رسالت کا مقام، اور ملائکہ کے آمد و رفت کا مقام، اور وحی کے اترنے کا مقام، اور رحمت کا معدن (کان)، اور علم کے خزانے دار"۔
"خُزّان"، "خازن" کی جمع ہے جیسے طلّاب اور طالب۔ خزّان، خزن سے ہے، مقرر جگہ میں اکٹھا کرنے کے معنی میں ہے، چاہے مادی چیز ذخیرہ ہو یا معنوی چیز، اور مَخزَن (یعنی ذخیرہ کرنے کی جگہ) چاہے جسمانی ہو یا روحانی، لہذا علم کو مال کی طرح خزانہ میں ذخیرہ کیا جاسکتا ہے۔
خازن یعنی خزانہ دار، نگہبان، محافظ، سنبھالنے والا، خزانہ کا کلیدبردار اور جس شخص کے قبضے میں خزانہ ہو۔
یہاں پر ایک غورطلب نکتہ یہ ہے کہ مادی چیزوں میں خزانے کا خزانے دار سے فرق ہوتا ہے، کیونکہ مادی مال کو صندوق وغیرہ میں رکھا جاتا ہے اور اس کی کنجی کسی کے حوالے کردی جاتی ہے، لیکن غیرمادی چیزیں، مادی چیزوں کی طرح نہیں ہیں کہ ان کا مادی قسم کا صندوق ہو، بلکہ وہ جس کی دل کے صفحے پر قرار پائے، اس کا قبضہ اسی کے پاس ہوتا ہے، اسی لیے مجرّد اور غیر مادی چیزوں کا خزانے دار، خزانے کے علاوہ نہیں ہوتا ہے۔ بنابریں یہاں پر اگرچہ اہل بیت (علیہم السلام) کو خازن اور علمِ مخزون کے نگہبان کے طور پر کہا گیا ہے، لیکن اس سے مراد ان مقدس ہستیوں کا وہی خزانہ ہونا ہے۔ (یعنی یہ حضراتؑ خزانے دار ہیں تو خزانہ بھی وہ خود ہیں)۔
* مطالب ماخوذ از: شرح زیارت جامعہ کبیرہ، سید محمد ضیاء آبادی۔
* مطالب ماخوذ از: ادب فنای مقرّبان، آیت اللہ جوادی آملی، ج۱، ص۱۶۳۔
Add new comment