نیک کام کے مختلف پہلوؤں کا خیال رکھنا

Tue, 12/24/2019 - 08:16

خلاصہ: نیکیوں کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں جب انسان غور کرے تو واضح ہوتا ہے کہ نیک کام کے صرف ایک پہلو کو ادا کرنا کافی نہیں، بلکہ اس کے مختلف پہلوؤں کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔

نیک کام کے مختلف پہلوؤں کا خیال رکھنا

جب انسان نیک اور اچھا کام کرتا ہے تو اس نیک کام کے مختلف پہلوؤں کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے نہ کہ صرف ایک پہلو کو نظر میں رکھ کر انسان نیک کام کرے۔ مثلاً جب کسی کی دعوت کرتا ہے تو اس مہمان کو صرف کھانا کھلانے کی طرف متوجہ نہ رہے، بلکہ کھانا کھلانے کے ساتھ ساتھ اس کا ادب و احترام کا بھی خیال رکھے، اس کی باتوں پر توجہ کرے، اس سے اچھے طریقے سے برتاؤ کرے، اسے تکلیف دینے والی باتوں اور کاموں سے پرہیز کرے، کیونکہ اس مہمان نوازی کا اصل مقصد احترام اور عزت افزائی ہے تو اس عزت افزائی کا حق صرف کھانے کھلانے سے ادا نہیں ہوتا، بلکہ مہمان کی طرف مختلف پہلوؤں سے توجہ کرنا بھی ضروری ہے۔
اسی طرح دوسرے نیک کام جیسے والدین کی خدمت، ایسا نہیں ہے کہ صرف ان کے اخراجات ادا کرے، بلکہ ان کو اف تک نہ کہنا، ان کو نہ جھڑکنا، ان سے احترام کے ساتھ بات کرنا بھی ضروری ہے۔ سورہ اسراء کی آیت ۲۳ ، ۲۴ میں ارشاد الٰہی ہے: "وَقَضَىٰ رَبُّكَ أَلَّا تَعْبُدُوا إِلَّا إِيَّاهُ وَبِالْوَالِدَيْنِ إِحْسَانًا إِمَّا يَبْلُغَنَّ عِندَكَ الْكِبَرَ أَحَدُهُمَا أَوْ كِلَاهُمَا فَلَا تَقُل لَّهُمَا أُفٍّ وَلَا تَنْهَرْهُمَا وَقُل لَّهُمَا قَوْلًا كَرِيماً. وَاخْفِضْ لَهُمَا جَنَاحَ الذُّلِّ مِنَ الرَّحْمَةِ وَقُل رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيراً"، "اور آپ کے پروردگار نے فیصلہ کر دیا ہے کہ تم اس کے سوا اور کسی کی عبادت نہ کرو اور ماں باپ کے ساتھ بھلائی کرو اگر تمہارے پاس ان میں سے ایک یا دونوں بڑھاپے تک پہنچ جائیں تو انہیں اف تک نہ کہو اور نہ انہیں جھڑکو۔ اور ان سے احترام کے ساتھ بات کرو۔ اور ان کے سامنے مہر و مہربانی کے ساتھ انکساری کا پہلو جھکائے رکھو اور کہو اے پروردگار تو ان دونوں پر اسی طرح رحم و کرم فرما جس طرح انہوں نے میرے بچپنے میں مجھے پالا (اور میری پرورش کی)"۔
دوسری نیکیوں میں بھی انسان کی توجہ رہنی چاہیے کہ ان کے صرف ایک پہلو پر عمل کرکے یہ نہ سمجھ لے کہ ان نیکیوں کا حق ادا ہوگیا، بلکہ ان کے دوسرے پہلوؤں کا بھی خیال رکھے اور ان کو ادا کرے، جیسے نماز، روزہ، عزاداری، اولاد کے حقوق، گھرانے کے حقوق،پڑوسیوں کے حقوق، قرآن کریم کی تلاوت، اہل بیت (علیہم السلام) کی معرفت اور دیگر نیکیاں۔

* ترجمہ آیات از: مولانا محمد حسین نجفی صاحب۔

Add new comment

Plain text

  • No HTML tags allowed.
  • Web page addresses and e-mail addresses turn into links automatically.
  • Lines and paragraphs break automatically.
1 + 3 =
Solve this simple math problem and enter the result. E.g. for 1+3, enter 4.
ur.btid.org
Online: 183