انقلاب اسلامی کی پیروزی نصرت الہی کی ائینہ دار

Mon, 02/07/2022 - 07:38
سالگرد پیروزی انقلاب اسلامی

قرآن کریم کی آیات کا واضح اور روشن پیغام یہ ہے کہ خداوند متعال کی نصرت ان لوگوں کے شامل حال ہوگی جو اس کی اور اس کے دین کی مدد کریں گے جیسا کہ سورہ حج کی 40 ویں آیۃ شریفۃ میں آیا ہے : «وَ لَيَنْصُرَنَّ اللَّهُ مَنْ يَنْصُرُهُ إِنَّ اللَّهَ لَقَوِيٌّ عَزيزٌ؛ اور اللہ اپنے مددگاروں کی یقینا مدد کرے گا کہ وہ یقینا صاحبِ قوت بھی ہے اور صاحبِ عزّت بھی ۔ » [1]

اس مقام پر خداوند متعال کی مدد سے مراد میدان جہاد میں اترنا اور دین خدا و حق کا دفاع کرنا ہے وگرنہ خداوند متعال کی ذات ان تمام چیزوں سے بے نیاز ہے ، یا دوسرے لفظوں میں یوں کہا جائے کہ یہ آیۃ شریفۃ خداوند متعال کی دیرنہ سنت کی بیانگر ہے کہ جو بھی معاشرہ یا انسان انفرادی یا اجتماعی طور سے دین حق یا دین خدا کی راہ میں تلاش و کوشش کرے گا خداوند متعال الہی اھداف تک پہونچنے کیلئے خود، اس کے لئے راہیں ہموار کرے گا اور اسباب و وسائل فراہم کرے گا، ہماری بہت ساری خوبیاں اور دینی مسائل اسی الہی سنت کا اثر ہیں ، جیسا کہ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کا ارشاد ہے : «صِلَةُ الْأَرْحَامِ تُحَسِّنُ الْخُلُقَ وَ تُسَمِّحُ الْكَفَّ وَ تُطَيِّبُ النَّفْسَ وَ تَزِيدُ فِي الرِّزْقِ وَ تُنْسِئُ فِي الْأَجَلِ؛ صلہ رحم، انسان کو خوش اخلاق، سخی، پاک نفس بنا دیتا ہے ، صلہ رحم روزی میں اضافہ اور موت میں تاخیر کا سبب ہے ۔ » [2] لہذا خدا کی راہ میں قدم اٹھا کر خدا کی نصرت و امداد سے مستفید ہوا جاسکتا ہے ۔

مقام شکر

نصرت و امداد الہی کے نتیجہ میں حاصل ہونے والی فتح، پیروزی اور مقبولیت کے تسلسل و دوام کیلئے اس کی نصرت و امداد پر معاشرہ کو کمر ہمت کس لینی چاہئے ، در حقیقت یہ عظیم نعمت خداوند متعال کے شکرانہ کی حقدار ہے ، تسبیح الہی، گناہوں اور خطاوں پر استغفار اور توبہ، بہترین شکرانہ ہیں ، جیسا کہ خداوند متعال کا ارشاد ہے : « إِذَا جَاءَ نَصْرُ اللَّهِ وَ الْفَتْحُ‌ ۔۔۔ فَسَبِّحْ بِحمْدِ رَبِّكَ وَ اسْتَغْفِرْهُ؛  جب خدا کی مدد اور فتح آ پہنچے۔۔۔ تو اپنے رب کی حمد و تسبیح اور استغفار کریں ۔ یعنی اپنی گناہوں اور خطاوں کے سلسلہ میں اس سے اپنی بخشش طلب کریں ۔ » [3]

البتہ تسبیح و استغفار ، خدا کی نصرت و امداد ، اس سے ملنے والی قابل توجہ کامیابی اور فتوحات کے درمیان کیا رابطہ اور تعلق موجود ہے اور اس کا رمز و راز کیا ہے ؟ شاید وہ راز یہ ہو کہ ہمیشہ کامیابی اور پیروزی کے بعد انسان پر دو اہم خطرے منڈلانے لگتے ہیں ، پہلا خطرہ غرور اور خدا کی فراموشی کا، جسے تسبیح اور حمد پروردگار عالم سے روکا جاسکتا ہے ، دوسرا خطرہ یہ ہے کہ ممکن ہے انسان پیروزی اور کامیابی کے بعد خطاوں اور لغزشوں سے روبرو ہوجائے کہ استغفار و کردار میں اصلاح کے ذریعہ اس کا تدارک کیا جاسکتا ہے ، نتیجتاً یاد خدا، استغفار اور شکر الہی کے ذریعہ حاصل ہونے والا ثبات قدم ، کامیابی اور پیروزی میں بقا و تسلسل کا باعث ہوگا ، جیسا کہ قران کریم نے کہا : «وَ إِذْ تَأَذَّنَ رَبُّكُمْ لَئِنْ شَكَرْتُمْ لَأَزيدَنَّكُمْ وَ لَئِنْ كَفَرْتُمْ إِنَّ عَذابي‏ لَشَديد؛ اور جب تمہارے پروردگار نے اعلان کیا کہ اگر تم ہمارا شکریہ ادا کروگے تو ہم نعمتوں میں اضافہ کردیں گے اوراگر کفرانِ نعمت کروگے تو ہمارا عذاب بھی بہت سخت ہے ۔ [4]   

میری پوری اس سلسلہ وار گفتگو کا نتیجہ یہ ہے کہ انقلاب اسلامی ایران کی پیروزی نیز انقلاب اسلامی کی پیروزی سے پہلے اور پیروزی کے بعد سے آج تک ، 43 سالہ استقامت کو ایک جملہ میں خلاصہ کیا جاسکتا ہے اور وہ "اللہ کی مدد" ہے کہ جو ہمیشہ ایرانی عوام کے شامل حال رہی اور اج تک ہے ۔ یہ الہی امداد ، خدا کی دیرینہ سنتوں کا ثمرہ ہے کہ جو اس کی راہ میں جہاد و استقامت کے نتیجہ میں حاصل ہوتی ہے ، لہذا انقلاب اسلامی یا کسی بھی نعمت الہی کے تداوم و تسلسل کیلئے خدا کی یاد و استغفار کو اپنے اعمال و کردار اور معاشرہ کی زینت بنانا بہت ضروری ہے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حوالہ:
۱: قران کریم ، سورہ حج ، ایت 40
۲: كلينى، محمد بن يعقوب‏؛ الكافی (پبلیشرالاسلامية)، متوفّی 329 ھ ق، محقق / مصحح: غفارى على اكبر و آخوندى، محمد؛ پبلیشر: دارالكتب الإسلامية، تهران، سال چاپ: 1407 ھ ق‏، ج 2، ص 151 ۔
۳: قران کریم ، سورہ نصر، ایت 1 و 3
۴: قران کریم ، سورہ ابراهیم ، ایت 7
 

Add new comment

Plain text

  • No HTML tags allowed.
  • Web page addresses and e-mail addresses turn into links automatically.
  • Lines and paragraphs break automatically.
13 + 2 =
Solve this simple math problem and enter the result. E.g. for 1+3, enter 4.
ur.btid.org
Online: 25