امام خمينی (ره) قرآنی رهبر

Mon, 01/31/2022 - 06:57
امام خمینی

امام خمینی (ره) کی پیروی اور اطاعت کا سرمنشاء و مرکز اپکی اخلاقی، قرانی اور اسلامی شخصیت ہے کہ اگر عہدیدار ، منصب دار اور ذمہ دار طبقہ عوامی محبوبیت سے ہمکنار ہونا چاہتا ہے تو اسے اپ کی رفتار و گفتار و کردار پر توجہ اور عمل کرنا چاہئے ۔

انقلاب اسلامی ایران کی پیروزی میں سب سے اہم اور بنیادی کردار حضرت امام خمینی (قدس ‌سره) کا ہے ، ایک ایسا رہبر جس نے اپنے اخلاق، کردار اور گفتار سے لوگوں کے دل جیت لئے اور لوگوں کو اپنی شخصیت کا گرویدہ بنا لیا تھا، اپ نے اپنے وسیع نظریات ، افکار و بصیرت کی طاقت سے عوام کو اپنے ارد گرد اکٹھا اور یکجا کر کے ایران کے ۲۵۰۰ سالہ شہنشاہی نظام حکومت کا تختہ پلٹ دیا اور محمد رضا شاہ اپنی تمام قدرت اور طاقت کے باوجود رہبر کبیر انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) کے مقابل نہ ٹک سکا اور جسے اس نے کبھی ملک بدر کیا تھا اسی نے اپنی سرزمین مادری سے دور رہ کر مغرور بادشاہ کو ملک چھوڑنے اور کوسوں دور جاکر پناہ لینے پر مجبور کردیا ۔  

امام خمینی (رہ) کے کردار اور طرز عمل کی خوبصورتی اور حسن سے مختلف طبقہ کے لوگ اور عوام اپ کے گرویدہ تھے ، سرزمین ایران کی باغیرت ، مقتدر اور دیندار قوم نے بھی جب مرجعیت عظیم الشان تقلید حضرت روح الله الموسوی الخمینی (رہ) کی گفتار و کردار میں صداقت، اخلاص اور سچائی دیکھی تو مکمل طور سے اپ کے ہمراہ ہوگئی ، اپ کی آواز سے آواز ملائی اور اپ کی دعوت پر لبیک کہا نیز اس راہ میں کسی بھی قسم کا نذرانہ پیش کرنے سے گریز و پرہیز نہ کیا ۔

ہم اس تحریر میں حضرت امام خمینی (رہ) کی قرانی شخصیت اور انقلاب اسلامی ایران کی رہبریت میں اسکی جلوہ گری کے کچھ گوشہ کی جانب اشارہ کر رہے ہیں ۔

امام خمینی (رہ) اخلاص مجسم

الہی رہبر اور لیڈرس کو اخلاص کے عالی ترین مرتبہ اور درجہ پر فائز ہونا چاہئے جیسا کہ قران نے مرسل اعظم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و الہ و سلم کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ «قُلْ إِنَّ صَلَاتِي وَنُسُكِي وَمَحْيَايَ وَمَمَاتِي لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ ؛ [اے پیغمبر] کہہ دیجئے کہ میری نماز، میری عبادتیں، میری زندگی اور میری موت سب اللہ کیلئے ہے جو عالمین کا پالنے والا ہے » ۔ (۱)

جب عوام یہ جان لے گی کہ رہبر کا مقصد اور ہدف الہی ہے تو دل و جان سے اس کی اطاعت اور پیروی کیلئے قدم آگے بڑھائے گی اور میدان عمل میں کود پڑے گی ، امام خمینی (رہ) کہ جو اس مسئلہ سے بخوبی آگاہ اور باخبر تھے اور ان کے نزدیک خدا کی خوشنودی کا اہم مقام بھی تھا یعنی وہ اپنا ہر کام فقط و فقط اللہ کیلئے ہی انجام دینا پسند کرتے تھے، انہوں نے اس نہضت ، تحریک اور قیام میں خدا کی مرضی کو پیش پیش اور مقدم رکھا ، اور اپ کا یہی اخلاص اپ کی کامیابی کا رمز و راز ہے ۔ (۲)

امام خمینی (رہ) مقام و منصب اور تخت و تاج سے بہت دور تھے اسی بنیاد پر مسلسل اپنے شاگردوں کو نصیحتیں بھی فرماتے کہ « میں اس بات سے خوش اور راضی نہیں ہوں کہ ہمارے چاہنے والے اپنی محبت کا اظھار و ابراز کریں ، جو لوگ مجھ سے محبت کرتے ہیں اپنے دل محبت پوشیدہ رکھیں اور مجھے کسی منصب یا عہدے تک پہونچانے کیلئے ایک قدم بھی آگے نہ بڑھائیں » ۔ (۳)

۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حوالہ:
۱: سورہ انعام ، ایت ۱۶۲
۲: امام خمینی (رہ) کے حالات زندگی، مصطفی وجدانی، پبلیشر: پیام آزادی، مطبوعہ سن : 1363 ھ ش ، ج ۶، ص ۱۴۴ ۔‏‏
۳: گذشتہ ، ج ۳، ص ۱۸۔

Add new comment

Plain text

  • No HTML tags allowed.
  • Web page addresses and e-mail addresses turn into links automatically.
  • Lines and paragraphs break automatically.
1 + 13 =
Solve this simple math problem and enter the result. E.g. for 1+3, enter 4.
ur.btid.org
Online: 28