سورہ الحمد قرآن عظیم کے ہم پلہ

Mon, 12/11/2017 - 11:25

سورہ الحمد، قرآن مجید کا عظیم سورہ ہے کہ جس کی فضیلت، قرآن مجید کی دیگر سورتوں کی بنسبت بہت زیادہ ہے۔

سورہ الحمد قرآن عظیم کے ہم پلہ

بسم اللہ الرحمن الرحیم

سورہ الحمد جس کا دوسرا نام فاتحۃ الکتاب ہے، قرآن کریم کا پہلا سورہ ہے جس سے کلام الہی کا آغاز ہورہا ہے۔ اس سورہ کی عظمت اس قدر زیادہ ہے کہ اللہ تعالی نے قرآن میں اس سورہ کو "قرآن عظیم" کے ہم پلہ قرار دیتے ہوئے، اس کی عظمت بیان فرمائی ہے۔ سورہ حجر کی آیت ۸۷ میں ارشاد الہی ہے: "وَلَقَدْ آتَيْنَاكَ سَبْعاً مِّنَ الْمَثَانِي وَالْقُرْآنَ الْعَظِيمَ"، "اور ہم نے آپ کو سبع مثانی اور قرآن عظیم عطا کیا ہے"۔
"مثانی"، "مثنی" کی جمع ہے جو دو مرتبہ، مکرر، اور پلٹانے کے معنی میں ہے۔ اکثر مفسرین نے اور روایات میں "سَبْعاً مِنَ الْمَثانِى" سے مراد سورہ حمد کو لیا ہے۔ سورہ حمد کو اس نام پہ کہلانے کی مختلف وجوہات بتائی گئی ہیں:
۱۔ اس سورہ کی سات آیات ہیں اور دو بار رسول اللہ (صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم) پر نازل ہوا ہے، ایک بار مکہ میں اور ایک بار مدینہ میں۔
۲۔ اس سورہ کو نماز میں دو بار پڑھا جاتا ہے۔
۳۔ یہ سورہ دو حصوں پر مشتمل ہے: اللہ کی حمد اور بندوں کی دعا۔
روایات سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ "سَبْعاً مِنَ الْمَثانِى " سے مراد سورہ الحمد ہے۔ حضرت امیرالمومنین (علیہ السلام) فرماتے ہیں: میں نے رسول اللہ (صلّی اللہ علیہ وآلہ) سے سنا کہ آپؐ فرماتے تھے: بیشک اللہ عز ّوجل نے مجھے فرمایا: اے محمد "وَلَقَدْ آتَيْنَاكَ سَبْعاً مِّنَ الْمَثَانِي وَالْقُرْآنَ الْعَظِيمَ"، تو اللہ نے فاتحۃ الکتاب کے ذریعہ صرف مجھ پر احسان کیا اور اسے قرآن عظیم کے برابر قرار دیا۔ (بحارالانوار، ج94، ص227)۔
محمد ابن مسلم کا کہنا ہے کہ میں نے حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) سے دریافت کیا کہ السبع المثاني والقرآن العظيم وہی سورہ فاتحہ ہے؟ آپؑ نے فرمایا: ہاں۔ میں نے عرض کیا: کیا بسم اللہ الرحمن الرحیم، سات آیات میں سے ہے؟ آپؑ نے فرمایا: ہاں، یہ ان میں سب سے افضل ہے۔ (تہذیب الاحکام، ج2، ص289)
لہذا اس آیت کے تناظر میں اور روایات کی روشنی میں یہ نتیجہ ملتا ہے کہ سورہ الحمد اس قدر باعظمت ہے کہ اسے قرآن عظیم کے ہم پلہ قرار دیا گیا ہے۔ پھر یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ اس آیت میں اللہ تعالی نے قرآن کے لئے صفتِ عظیم کا تذکرہ فرمایا، جبکہ دوسری آیات میں قرآن کے لئے دیگر صفات بھی بیان فرمائی ہیں۔
.......................
حوالہ جات:
[ترجمہ قرآن علامہ ذیشان حیدر جوادی (اعلی اللہ مقامہ) اور ترجمہ قرآن مولانا محمد حسین نجفی صاحب]۔
[بحارالانوار، علامہ مجلسی، موسسۃ الوفاء، دوسری چاپ، 1403ھ.ق]۔
[تہذیب الاحکام، شیخ طوسی، دار الكتب الإسلاميّة، المطبعة خورشيد]۔

 

Add new comment

Plain text

  • No HTML tags allowed.
  • Web page addresses and e-mail addresses turn into links automatically.
  • Lines and paragraphs break automatically.
10 + 2 =
Solve this simple math problem and enter the result. E.g. for 1+3, enter 4.
ur.btid.org
Online: 66