حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کے نام کی قسم
خدا و رسول ، ائمہ معصومین علیہم السلام ، قران کریم ، اسلامی احکامات و تعلیمات اور فقہائے عظام کے فتوے کے مطابق ، خداوند متعال کے نام پر کھائی ہوئی قسم کا ادا کرنا لازم و واجب ہے اور قسم توڑنا کفارہ کا سبب ہے مگر اس میں بھی کسی قسم کا اختلاف نہیں ہے کہ خدا کے علاوہ کسی کے اور نام پر کھائی ہوئی قسم کا ادا کرنا واجب و لازم نہیں ہے اور اس کا توڑنا کفارہ کا سبب بھی نہیں ہے چاہے وہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے نام پر ہی کیوں نہ ہو یعنی حضرت فاطمہ زہراء علیہا السلام کے نام پر کھائی ہوئی قسم کا ادا کرنا واجب نہیں اور اس کا توڑنا کفارہ کا سبب بھی نہیں ہے ۔
حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی نماز
فقہاء اور محدثین نے اپنی کتابوں میں «حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی نماز» کے عنوان سے نماز کا تذکرہ فرمایا ہے !
اس مقام پر اس نکتہ کی جانب اشارہ کرنا ضروری ہے کہ نماز فقط و فقط خدا کے لئے ہونی چاہئے کسی اور کے لئے نہیں چاہے وہ بندہ جس قدر بھی خدا کے نزدیک اور قریب ہو ، اسلام اور شریعت کے مطابق غیر خدا کے لئے نماز پڑھنا حرام کام اور باطل ہے ۔
لہذا جب «حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی نماز» کہا جائے تو اس سے مراد یہ ہے کہ اس نماز کا طریقہ انحضرت (س) سے ہم تک پہنچا ہے اور یا پیغمبر خدا نے انہیں اس نماز کی تعلیم دی ہے اور انہوں نے اسے نقل فرمایا ہے ، یہ نکتہ تمام نمازوں کے سلسلہ میں ہے چاہے وہ نماز ، امیرالمومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی نماز ہو یا امام جعفر صادق علیہ السلام کی یا امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی نماز ہو ۔
Add new comment