خلاصہ: اسلام کی حقانیت اور افضلیت پر چار دلائل مختصر طور پر بیان کیے جارہے ہیں۔
۱۔ دین اسلام کے معجزہ کا زندہ اور ہمیشہ رہنا: سابقہ انبیاء (علیہم السلام) کا معجزہ محسوس امور اور دیکھی جانے والی چیزوں میں سے ہوتا تھا جبکہ قرآن کریم جو دین اسلام کا معجزہ ہے کتاب، علم اور دلیل کی قسم کا ہے، اسی لیے ہمیشہ زندہ اور قائم ہے اور رسول اللہ (صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم) کی حیات تک محدود نہیں ہے، لہذا اسلام کا معجزہ ابدی اور ہمیشہ رہنے والا ہے۔
اس کے علاوہ یہ ہے کہ قرآن کریم، تحدّی اور چیلنج کرنے کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ لوگوں کو اپنی ہمیشگی حیات کا اعلان کرتا ہے، سورہ بقرہ کی آیت ۲۳ میں ارشاد الٰہی ہے: "وَإِن كُنتُمْ فِي رَيْبٍ مِّمَّا نَزَّلْنَا عَلَىٰ عَبْدِنَا فَأْتُوا بِسُورَةٍ مِّن مِّثْلِهِ وَادْعُوا شُهَدَاءَكُم مِّن دُونِ اللَّهِ إِن كُنتُمْ صَادِقِينَ"، "اور جو کچھ (قرآن) ہم نے اپنے بندہ (خاص) پر نازل کیا ہے اگر تمہیں اس (کے کلام اللہ ہونے) میں شک ہے تو تم اس کے مانند ایک ہی سورہ لے آؤ۔ اور اگر تم سچے ہو تو ایک اللہ کو چھوڑ کر اپنے سب حمایتیوں و ہم نواؤں کو بھی بلا لو"۔
۲۔ قرآن کریم کا تحریف نہ ہونا: اس کا مطلب یہ ہے کہ قرآن کریم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے بھی قرآن کی حفاظت کرنے کا وعدہ دیا ہے اور رسول اللہ (صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم) نے بھی قرآن کریم کی حفاظت کرنے کا خاص اہتمام فرمایا، جیسا کہ خاص افراد کو آیات اور سوروں کے لکھنے کا حکم دینا، اصحاب کو قرآن کریم کے حفظ کرنے کی ترغیب دلانا، اسی لیے بہت سارے افراد آپؐ کے زمانے میں قرآن کے حافظ کے طور پر مشہور تھے۔ اس طرح کے اسباب، تحریف سے محفوظ رہنے کا باعث ہیں۔
۳۔ رسول اللہ (صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم) کی خاتمیّت: اسلامی تعلیمات اس بات پر تاکید کرتی ہیں کہ آپؐ آخری نبی ہیں اور آپؐ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا۔
۴۔ اسلام کی جامعیّت: دین اسلام، انسان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں میں تعلیمات کا حامل ہے، جیسے جسمانی، روحانی، انفرادی، معاشرتی، مادی اور معنوی پہلو۔ دین اسلام کے جامع ہونے اور اس کی تعلیمات کے بہتر ہونے کو پہچاننے کے لئے جب دین اسلام کی تعلیمات اور دوسرے ادیان کی تعلیمات میں موازنہ کیا جائے تو دین اسلام کی تعلیمات میں عقائد، توحید، اللہ کے صفات، شرعی احکام، اخلاقیات، حقوق، اقتصاد، سیاست اور حکومت وغیرہ کا جامع اور بہتر ہونا واضح ہوجاتا ہے۔
* ترجمہ آیت از: مولانا محمد حسین نجفی صاحب۔
Add new comment