خلاصہ: اللہ تعالی کی محبت تک پہنچنے کا قانون یہ ہے کہ اللہ کے واجب کیے ہوئے فرائض کو بجالایا جائے۔ لہذا جو فرائض کو بجا نہیں لاتا وہ اپنے آپ کو اللہ کی محبت سے محروم کررہا ہے۔ اس بات کو امام جعفر صادق (علیہ السلام) کی روشنی میں بیان کیا جارہا ہے۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم
جب انسان کو کسی سے محبت ہو تو کوشش کرتا ہے کہ اس کے لئے ایسی چیز ہدیہ کے طور پر لے جائے جو اسے پسند ہے۔ اس کی محبت کو حاصل کرنے کے لئے وہ کام کرتا ہے جو اسے پسند ہے۔ وہ اپنی پسند کو نہیں دیکھتا، چاہے اسے خود پسند ہو یا نہ ہو۔ یہ اس کے لئے بالکل اہمیت نہیں رکھتا، بلکہ محبوب کی پسند معیار ہوتی ہے۔ لہذا وہ اپنے محبوب کی محبت کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لئے تمام تر کوشش کرتا ہے۔ حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں: "قال رسول اللّه صلى الله عليه و آله : "قال اللّه تبارك وتعالى : ما تحبّب إليَّ عبدي بشيءٍ أحبّ أليَّ ممّا افترضته عليه" (مشكاة الأنوار في غرر الأخبار ، ص۲۵۶)، "رسول اللہ (صلّی اللہ علیہ وآلہ) نے فرمایا: اللہ تبارک و تعالی نے فرمایا: میرا بندہ واجبات کو بجالانے سے زیادہ پسندیدہ کام کے ذریعہ میرا محبوب نہیں ہوتا"۔ یعنی اللہ کا سب سے زیادہ پسندیدہ کام یہ ہے کہ بندہ واجبات کو بجالائے اور بہترین کام جس کے ذریعہ انسان اللہ کا محبوب بن سکتا ہے، واجبات کی بجاآوری ہے۔ لہذا اللہ تعالی جو ساری مخلوقات کا حقیقی محبوب ہے، اس کی محبت تک پہنچنے کا قانون یہ ہے کہ جو کچھ اللہ تعالی نے انسان پر واجب کیا ہے اس کو بجالائے اور جو شخص فرائض کو بجا نہیں لاتا وہ اللہ کی محبت سے محروم ہے۔
۔۔۔۔۔
(مشكاة الأنوار في غرر الأخبار، ابوالفضل علی الطبرسی)
Add new comment