اربعین حسینی سے مراد سنہ 61 ہجری کو واقعہ کربلا میں امام حسین ؑ اور آپ ؑ کے اصحاب کی شہادت کا چالیسواں دن ہے جو ہر سال 20 صفر کو منایا جاتا ہے۔
مشہور تاریخی اسناد کے مطابق اسیران کربلا بھی شام سے رہا ہو کر مدینہ واپس جاتے ہوئے اسی دن یعنی 20 صفر سنہ 61 ہجری کو امام حسین ؑ کی زیارت کے لئے کربلا پہنچے تھے۔ البتہ شیخ مفید اور شیخ طوسی وغیرہ تصریح کرتے ہیں کہ اسیران کربلا شام سے واپسی پر کربلا نہیں بلکہ مدینہ گئے تھے۔ اسی طرح جابر بن عبداللہ انصاری بھی اسی دن امام حسین علیہ السلام کی زیارت کے لئے آئے تھے۔
اس دن کے خاص اعمال میں سے ایک زیارت اربعین ہے جسے امام حسن عسکریؑ سے مروی حدیث میں مؤمن کی نشانی گردانا گیا ہے۔
ایران سمیت بعض مسلم ممالک میں اس دن سرکاری چھٹی ہوتی ہے اور شیعیان اہل بیت ؑ عزاداری کرتے ہیں۔ اس دن دنیا کے مختلف ممالک میں شیعیان اہل بیت سڑکوں پر ماتمی دستے نکالتے ہیں اسی طرح امام حسین ؑ سے عقیدت رکھنے والے قافلوں کی صورت میں اس دن کربلا پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں اور آخری چند سالوں میں اربعین کے دن کربلا کی طرف پیدل چل کر سید الشہداء ؑ کی زیارت کیلئے جانا شیعوں کے اہم ترین اور عظیم ترین مراسمات میں شامل ہو گیا ہے یہاں تک کہ یہ دنیا کی سب سے بڑی مذہبی تہواروں میں شامل ہونے لگا ہے۔
Add new comment