لیلۃ الرغائب کی فضیلت اور اعمال

Sun, 04/16/2017 - 11:17

چکیده:لیلۃ الرغائب کی فضیلت اور اعمال

لیلۃ الرغائب کی فضیلت اور اعمال

لیلۃ الرغائب کی فضیلت اور اعمال
ماہ مبارک رجب کی پہلی شب جمعہ کو لیلۃ الرغائب کہتے ہیں ۔
یہ رات بہت ہی عظیم رات ہے خداوند متعال کی نعمات بے شمار ہیں اور ان نعمات میں سے ایک یہ ہے کہ ہمیں ایسے مقامات کی نشان دہی کی ہے کہ جن میں اسکا خصوصی لطف و کرم حاصل ہوتا ہے اور ان میں سے ایک یہ لیلۃ الرغائب ہے ۔
روایات میں اس رات کے مخصوص اعمال بیان ہوئے ہیں خداوند متعال سے التجا ہے کہ ہمیں انہیں انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے اور بالخصوص اپنے مولا امام زمانہ (عج) کے ظہور میں تعجیل کے لیے دعا کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔
یہ دعا جو مولائے کائنات علی علیہ السلام سے نقل ہوئی ہے اسے پڑھنا چاہیے: اللَّهُمَّ إِنَّا نَشْكُو إِلَيْكَ فَقْدَ نَبِيِّنَا صَلَوَاتُكَ عَلَيْهِ وَ آلِهِ وَ غَيْبَةَ وَلِيِّنَا (إِمَامِنَا) وَ كَثْرَةَ عَدُوِّنَا وَ قِلَّةَ عَدَدِنَا وَ شِدَّةَ الْفِتَنِ بِنَا وَ تَظَاهُرَ الزَّمَانِ عَلَيْنَا.
ترجمہ: بار الہاٰ! ہم تیری بارگاہ میں یہ شکوہ لے کر حاضر ہیں کہ ہمارے نبی ہمارے درمیان نہیں رہے ہمارے ولی پردہٴ غیب میں ہیں زمانہ کی ہمارے اوپر شدت ہے ،فتنوں نے ہمیں گھیر رکھا ہے  ہمارے اعدا کی تعداد زیادہ اور ہمارے اپنوں کی بڑی قلت ہے۔
پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک نماز کا حکم دیا ہے جس کی بہت زیادہ فضیلت ہے ۔ از جملہ یہ کہ اس نماز کی وجہ سے بہت سے گناہ بخش دیئے جاتے ہیں ۔
نماز لیلۃ الرغائب کا طریقہ
ماہ رجب کی پہلی جمعرات کو روزہ رکھیں اور جب نماز مغرب کا وقت آجائے تو نماز مغرب و عشاء کے درمیان ۱۲ رکعت نماز، دو، دو رکعت کرکے بجالائی جائے۔
ہر رکعت میں ایک بار سورہ حمد اور تین مرتبہ سورہ انا انزلناہ اور بارہ مرتبہ قل ھو اللہ، پڑھیں ۔
نماز تمام کرنے کے بعد ۷۰ بار پڑھیں: اَللّہمَّ صَلِّ عَلى مُحَمَّدٍ النَّبِىِّ الاُْمِّىِّ وَعَلى آلِہ
پھر سجدے میں سر رکھیں اور ۷۰ مرتبہ پڑھیں : سُبُّوحٌ قُدُّوسٌ رَبُّ الْمَلائِكَةِ وَالرُّوحِ
پھر سجدے سے سر اٹھائیں اور ۷۰ مرتبہ پڑھیں: رَبِّ اغْفِرْ وَارْحَمْ وَتَجاوَزْ عَمّا تَعْلَمُ اِنَّكَ اَنْتَ الْعَلِىُّ الاَعْظَمُ
پھر سجدے میں سر رکھیں اور کہیں: سُبُّوحٌ قُدّوُسٌ رَبُّ الْمَلائِكَةِ وَالرُّوحِ
پھر اپنی حاجت طلب کریں ، انشاء اللہ پوری ہوگی ۔
اس شب کا ایک عمل ایک نماز سے عبارت ہے کہ اگر کوئی یہ نماز بجا لائے اللہ تعالی موت کے بعد اس نماز کا ثواب بہترین شکل و صورت میں اس کے پاس بھیج دیتا ہے تا کہ اس کا مونس و ہمدم ہو اور اس کو تنہائی سے نجات دلائے۔
نہایت مقبول اور خوبصورت انسان کی شکل میں حاضر ہونے والا یہ "ثواب" لیلۃ لرغائب کے اعمال بجا لانے والے شخص سے جو اب اس دنیا سے رخصت ہوا ہے ـ نہایت کھلے اور چمکتے چہرے اور فصیح زبان میں کہے گا: اے میرے حبیب اور میرے دوست! تجھے بشارت ہو کہ تجھ کو ہر شدت اور سختی سے نجات ملی۔
مرنے والا شخص پوچھے گا: تو کون ہے؟ خدا کی قسم کہ میں نے تیرے چہرے سے بہتر کوئی چہرہ نہیں دیکھا ہے اور تیرے کلام سے زیادہ عمدہ اور میٹھا کلام کہیں بھی نہیں سنا ہے اور تجھ سے آنے والی خوشبو سے بہتر کوئی خوشبو کبھی محسوس نہیں کی ہے۔
وہ شخص کہے گا: میں اس نماز کا ثواب ہوں جو تو فلان مہینے کی فلان شب کو بجا لایا تھا۔ آج شب تیرے پاس آیا ہوں تا کہ تیرا حق ادا کروں اور تنہائی میں تیرا انیس و مونس بن جاؤں اور وحشت و خوف کو تجھ سے اٹھا لوں اور جب صور اسرافیل بجے گا تو میں میدان محشر میں تیرے سر پر سایہ ڈالونگا۔ پس خوش رہو کیونکہ تیری نیکی کبھی بھی مٹ نہیں سکے گی۔
احب المراقبات کی سفارش
عارف كامل اور استاد واصل مرحوم آیت اللہ میرزا جواد ملكی تبریزی اپنی کتاب "المراقبات" میں تحریر کرتے ہیں: ماہ رجب المرجب کی پہلی شب جمعہ کو لیلۃ الرغائب کہا جاتا ہے اس شب فرشتے زمین پر اترتے ہیں۔ اگر ماہ رجب کی پہلی رات شب جمعہ بھی ہو تو بہتر ہے کہ اس رات لیلۃالرغائب کے اعمال بھی بجا لائے جائیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے روایت ہوئی ہے کہ آپ (ص) نے فرمایا: ماہ رجب کی پہلی شب جمعہ سے غفلت نہ برتو؛ کیونکہ یہ ایسی رات ہے جس کو فرشتے لیلۃالرغائب کہتے ہیں۔ یہ نام اس لئے اس رات پر رکھا گیا ہے کہ جب اس رات کا تھوڑا سا حصہ گذرجائے، آسمان اور زمین میں کوئی بھی فرشتہ ایسا باقی نہیں رہتا مگر یہ کہ وہ کعبہ اور اس کے اطراف میں اکٹھے ہوجاتے ہیں۔ اس کے بعد خداوند متعال ارشاد فرماتا ہے: اے میرے فرشتو! جو بھی چاہتے ہو مجھ سے مانگو۔
فرشتے عرض کرتے ہیں: ہماری حاجت یہ ہے کہ تو رجب کو روزہ رکھنے والے افراد کے گناہوں سے درگذر فرمائے۔
اور اللہ تعالی فرماتا ہے: میں نے ایسا ہی کیا۔
عارف کامل اور عرفان میں امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے استاد مرحوم میرزا جواد مَلِکی تبریزی اس رات کے اعمال کے بارے میں لکھتے ہیں: بہتر یہ ہے کہ جو بھی یہ حدیث سنتا (اور پڑھتا) ہے اس شب فرشتوں پر بہت صلوات بھیجے تا کہ سورہ نساء کی آیت ۸۶ (وَإِذَا حُيِّيْتُم بِتَحِيَّةٍ فَحَيُّواْ بِأَحْسَنَ مِنْهَا أَوْ رُدُّوهَا إِنَّ اللّهَ كَانَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ حَسِيبًا )جب تم پر تحیت کہی جائے تو تم اس سے زیادہ بہتر انداز سے اس کا جواب دو کیونکہ ہرچیز کا بہت حساب رکھنے والا ہے۔ کے تحت صلوات بھیجنے کے سلسلے میں سب کو اپنے فرض پر اپنی صلاحیت کی حد تک عمل کرنا چاہئے۔
مرحوم ملكی تبریزی رحمۃ اللہ علیہ یہ سوال اٹھاتے ہیں کہ: روایت کا ظاہری مفہوم یہ ہے کہ لیلۃ الرغائب ماہ رجب المرجب کی پہلی شب جمعہ ہے اور اگر اس روایت میں نقل ہونے والے اعمال اسی رات کے لئے مخصوص ہوں اور ماہ رجب المرجب کی پہلی شب ہی شب جمعہ ہو تو ان اعمال کو کس طرح انجام دینا چاہئے؟
اور پھر خود جواب دیتے ہیں: چونکہ ماہ رجب کے پہلے دن واقع ہونے والے روز جمعہ سے قبل کی جمعرات ماہ رجب میں واقع نہیں ہوا ہے، اس سوال کا جواب یہ ہوسکتا ہے کہ اگر ہم روایت کے ظاہری مفہوم پر عمل کرنا چاہیں تو یہ اعمال ایسی حالت کے لئے ہیں کہ ماہ رجب المرجب کی پہلی رات شب جمعہ نہ ہو اور اگر شب جمعہ ہو تو دوسری شب جمعہ ان اعمال کو انجام دینا چاہئے؛ اگرچہ وہ لیلۃ الرغائب نہ ہو۔ کیونکہ روایت میں یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ یہ اعمال منحصراً لیلۃالرغائب میں انجام دینا ضروری ہیں۔ لیکن دوسرا اور تیسرا راستہ بھی ہے جو زیادہ صحیح نظر آتا ہے۔
دوسرا راستہ یہ ہے کہ ہم یہ اعمال روزہ کے بغیر بجا لائیں اور تیسرا راستہ یہ ہے کہ روزہ بھی رکھیں اگرچہ روزہ ماہ رجب میں نہ ہو (بلکہ جمادی الثانی کے آخری دن میں واقع ہوجائے)۔
اجمالی طور پر کہا جاسکتا ہے کہ لیلۃالرغائب ماہ رجب کی پہلی شب جمعہ ہے۔ جس کے لئے بہت سے فضائل و اعمال منقول ہیں؛ جن میں جمعرات کو روزہ اور بہت زیادہ استغفار خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ المختصر یہ کہ یہ رات سال میں ایک ہی بار آتی ہے اور بزرگان دین کا کہنا ہے کہ اس غفلت نہ برتیں اور اس کو ضائع نہ کریں۔

.................................

منابع
www.tebyan.net
www.abna24.com
www.erfan.ir

Add new comment

Plain text

  • No HTML tags allowed.
  • Web page addresses and e-mail addresses turn into links automatically.
  • Lines and paragraphs break automatically.
6 + 0 =
Solve this simple math problem and enter the result. E.g. for 1+3, enter 4.
ur.btid.org
Online: 38