مھدویت کا عالمی پیغام

Sun, 04/16/2017 - 11:16

 

مھدویت کا عالمی پیغام یہ ہے کہ امام مھدی (عج) کی مثالی عادلانہ حکومت میں ہورا انسانی معاشرہ توحیدی اقدار کی محوریت میں زندگی بسر کرے گا اور دنیا بھر کی تمام قومیں اپنے تشخصات کیساتھ عادلانہ زندگی بسر کرینگی۔

مھدویت کا عالمی پیغام

اسلامی نقطہ نظر (آیات قرآن کریم اور احادیث معصومین علیھم السلام) کی روشنی میں ایک عالمگیر اسلامی حکومت کا تصور تو ضرور پایا جاتا ہے لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ دنیا میں بسنے والی مختلف اقوام اور قوموں کا تشخص ختم ہو جائے گا اور سب یکرنگ ہو جائیں گے۔ دین مبین اسلام میں اگرچہ عالمی سطح پر امت مسلمہ واحدہ کی تشکیل پر زور دیا گیا ہے لیکن اس امر کے تحقق پانے کیلئے قوموں کی نابودی کو ضروری قرار نہیں دیا گیا بلکہ اسلام کی نظر میں امت واحدہ مسلمہ کا معیار توحیدی عقیدے کا حامل ہونا ہے۔ اسلام، مختلف قوموں کے تشخص کو باقی رکھتے ہوئے ایک عالمی توحیدی معاشرے کی تشکیل پر زور دیتا ہے اور ہر گز ان قوموں کے تشخص کو کچلنے کی بات نہیں کرتا۔ آیات قرآن کریم اور احادیث نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم و معصومین علیھم السلام کی روشنی میں معلوم ہوتا ہے کہ امام مہدی (عج) کی عالمی حکومت کے دور میں مختلف اقوام کی مشترکہ ثقافتی اقدار پر بھی توجہ دی جائے گی اور ان کی مخصوص ثقافتی عادات و اطوار کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے گا اور ان میں سے کسی کو بھی کسی دوسرے کی خاطر حذف نہیں کیا جائے گا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ایک طرف تو ثقافتی تنوع, معاشرے کی رونق بڑھاتی ہے اور دوسری طرف ایسے تنوع کو ختم کرنے سے معاشرے میں غیرمتوقع سیاسی اور سماجی ردعمل جنم لے سکتے ہیں جس کے باعث اس معاشرے کا اتحاد اور انسجام خطرے میں پڑ سکتا ہے۔(1)

امام مہدی عج کے عالمگیر معاشرے میں نظریاتی بنیادوں یعنی اعتقادات، اقدار اور اخلاقی اصولوں کے لحاظ سے ثقافتی وحدت اور ہم آہنگی پائی جائے گی کیونکہ عالمگیر مہدوی معاشرے کی اہم خصوصیات میں الہی اور توحیدی تصور کائنات اور اسلامی اصولوں اور اخلاقی اقدار کا عالمگیر ہو جانا شامل ہے۔(2) امام مہدی (عج) کے ظہور کے بعد دنیا کے تمام معاشروں پر الہی اور توحیدی تصور کائنات کی صورت میں حقیقی اتحاد اور انسجام حکمفرما ہو گا اور اس تصور کائنات کی بنیاد پر اسلامی اقدار اور اصول دنیا کی تمام ثقافتوں میں موجود ہوں گے۔ امام مہدی (عج) کی عالمی حکومت میں بروئے کار لانے والے طور طریقے جو عدالت اور حق پر استوار ہوں گے، انسان کی فطرت سے مکمل ہم آہنگی رکھتے ہوں گے اور دنیا کے تمام انسان توحید اور اسلامی آئیڈیالوجی کے پرچم تلے متحد ہو جائیں گے۔ امام علی علیہ السلام اس بارے میں مالک اشتر کو مخاطب قرار دیتے ہوئے فرماتے ہیں: "اے مالک، اس دور میں ہمارا قائم امام مہدی (عج) قیام کرے گا اور دنیا کے تمام انسانوں کو ایک عقیدے اور طرز زندگی پر جمع کرے گا(3)

نتیجہ یہ ہے کہ امام مھدی کی عالمی حکومت کا پیغام یہ ہے کہ یہ حکومت پوری انسانیت سے متعلق ہے اور پورے انسانی معاشرے میں اجتماعی عدل کے قیام میں مثالی کردار ادا کرئے گی۔

.....................................

منابع:

(1) صبح انتظار ص 66
(2) الامام المھدی من الولادۃ الی الظہور  آیت اللہ کاظم قزوینی ص 11
(3)الحکم الاسلامی فی مدرسۃ امام علی (ع) ص  21

 

Add new comment

Plain text

  • No HTML tags allowed.
  • Web page addresses and e-mail addresses turn into links automatically.
  • Lines and paragraphs break automatically.
1 + 1 =
Solve this simple math problem and enter the result. E.g. for 1+3, enter 4.
ur.btid.org
Online: 29