شعبان روحی بیماریوں کا علاج

Sun, 04/16/2017 - 11:16

خلاصہ: ماہ مبارک رمضان کے لئے اپنے آپ کو ماہ شعبان میں ہی تیار کرنا چاہئے۔

شعبان روحی بیماریوں کا علاج

بسم الله الرحمن الرحیم                   

شعبان کا مہینہ، عبادت اور مغفرت کا مہینہ ہے۔ رسول خدا (صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم) نے اس مہینہ کو اپنا مہینہ کہا ہے، پیغمبر اکرم(صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم) اور تمام بزرگان دین، اس مہینہ میں اپنے آپ کو خداوند عالم کی بارگاہ میں راز و نیاز میں  مصروف رکھتے تھے۔

اگر آج کی دنیا میں غور اور فکر کیا جائے تو انسان ظاہری ترقی کی طرف گامزن ہے لیکن جس چیز کے لئے انسان کو خلق کیا گیا ہے، انسان نے اس کو بھلادیا ہے، ماہ شعبان بہترین فرصت ہے خداوند عالم کی بارگاہ میں تقرب حاصل کرنےکےلئے، اس مہینہ میں جو اعمال انسان کو بجالانا چاہئے ان میں سے بعض یہ ہیں۔

خداوند عالم کی بارگاہ میں مناجات اور توبہ کرنا
خداوند عالم، مناجات اور توبہ کے بارے میں فرما رہا ہے: «أَمَّنْ يُجيبُ الْمُضْطَرَّ إِذا دَعاهُ وَ يَكْشِفُ السُّوء[سورۂ  نمل/آیت:۶۲] بھلا وہ کون ہے۔ جو مضطر کی فریاد کو سنتا ہے جب وہ اس کو آواز دیتا ہے اور اس کی مصیبت کو دور کردیتا ہے»۔
ماہ مبارک شعبان، مناجات شعبانیہ پڑھنے کا مہینہ ہے، وہ مناجات جس کو اولیاء الھی، اللہ سے تقرب حاصل کرنے کے لئے پڑھا کرتے تھے، آیت الله ملکی تبریزی(رحمۃ الله علیه) فرماتے ہیں: مناجات شعبانیہ، اس مہینہ کے بہترین اعمال میں سے ہے، انسان کو چاہئے کے اسکے بعض فقرات کو پورے سال نماز  کے قنوت میں پڑھے جیسے:«و انر ابصار قلوبنا بضياء نظرها اليك ، حتى تخرق ابصار القلوب حجب النور، فتصل الى معدن العظمه ، و تصير ارواحنا معلقه بعز قدسك[۱] اور میرے دل کی نگاہ کو اس  نور سے روشن کر جو تیرا مشاہدہ کرسکے تاکہ میری دیدۂ بصیرت، حجاب نور کو پھاڑ دے اور عظمت کے معدن سے مل جائے اور ہماری روحیں تیرے مقام قدس کی عزت سے وابستہ ہو جائیں»۔

اللہ کی نعمتوں کا شکر
اس مہینہ میں ہم کو چاہئے کہ اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کا شکریہ اداء کریں، جیسے کہ اس مہینہ کو  دوبارہ دیکھنے کا شکریہ، کتنے ایسے افراد تھے جو گذشتہ سال  اس مہینہ میں زندہ تھے لیکن اب ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں تاکہ اس مہینہ میں عبادت اور بندگی کے ذریعہ خداوند عالم کی بارگاہ میں تقرب حاصل کرسکیں۔ جیسا کہ خداوند عالم ارشاد  فرمارہا ہے: «وَإِذْ تَأَذَّنَ رَبُّكُمْ لَئِن شَكَرْتُمْ لأَزِيدَنَّكُمْ وَلَئِن كَفَرْتُمْ إِنَّ عَذَابِي لَشَدِيدٌ[سورہ ابراهيم /آیت:۷] اور جب تمہارے پروردگار نے اعلان کیا کہ اگر تم ہمارا شکریہ اد اکرو گے تو ہم نعمتوں میں اضافہ کردیں گے اور اگر کفرانِ نعمت کرو گے تو ہمارا عذاب بھی بہت سخت ہے»۔
امام صادق(علیہ السلام) ارشاد فرمارہے ہیں: « ما مِن عَبدٍ أنعَمَ اللّه  عَلَيهِ نِعمَةً فَعَرَفَ أنَّها مِن عِندِ اللّه  إلاّ غَفَرَ اللّه  لَهُ قَبلَ أن يَحمَدَهُ؛[۲] کوئی بھی بندہ نہیں ہے کہ جس کو خدا نے نعمت سے نوازا اور اس نے اس نعمت کو اللہ کی جانب سے جانا، اس  سے پہلے کہ وہ خدا کا شکریہ اداء کرے خدا اسے بخش دیتا ہے»۔

تفکر کرنا
ہماری روح کی بہت ساری بیماریاں اپنے آپ اور خدا کو بھولنے کی وجہ سے ہیں، شعبان کا مہینہ، یہ سونچنے  کے لئے کہ کہاں سے آئے ہیں، کیوں آئے ہیں اور کہاں جانا ہے، بہترین فرصت ہے، جیسا کہ خداوند عالم ارشاد فرمارہا ہے: «إِنَّ في‏ خَلْقِ السَّماواتِ وَ الْأَرْضِ وَ اخْتِلافِ اللَّيْلِ وَ النَّهارِ وَ الْفُلْكِ الَّتي‏ تَجْري فِي الْبَحْرِ بِما يَنْفَعُ النَّاسَ وَ ما أَنْزَلَ اللَّهُ مِنَ السَّماءِ مِنْ ماءٍ فَأَحْيا بِهِ الْأَرْضَ بَعْدَ مَوْتِها وَ بَثَّ فيها مِنْ كُلِّ دابَّةٍ وَ تَصْريفِ الرِّياحِ وَ السَّحابِ الْمُسَخَّرِ بَيْنَ السَّماءِ وَ الْأَرْضِ لَآياتٍ لِقَوْمٍ يَعْقِلُونَ [سورہ بقره/آیت:۱۶۴] یقیناآسمانوں اور زمین کی خلقت میں، رات اور دن کے آنے جانے میں، ان کشتیوں میں جو انسانوں کے لیے مفید چیزیں لے کر سمندروں میں چلتی ہیں اور اس پانی میں جسے اللہ نے آسمانوںسے برسایا، پھر اس پانی سے زمین کو مردہ ہونے کے بعد (دوبارہ) زندگی بخشی اور اس میں ہر قسم کے جانداروں کو پھیلایا، اور ہواؤں کی گردش میں اور ان بادلوں میں جو آسمان اور زمین کے درمیان مسخر ہیں عقل سے کام لینے والوں کے لیے نشانیاں ہیں»۔

ماہ مبارک رمضان کے لئے اپنے آپ کو آمادہ کرنا        
اور ایک چیز جس پر ہمیں اس مہینہ میں بہت زیادہ  کام کرنا چاہئے وہ اپنے آپ کو اللہ کی مہمانی کے لئے تیار کرنا ہے، شعبان کا مہینہ بہترین فرصت ہے تا کہ ہم اپنی روح کو پاک اور صاف کر کے اللہ کی مہمانی کے لئے تیار ہوجائیں۔

نتیجہ:
ان آیات اور احادیث کی روشنی کی مدد سے ہمیں یہ نتیجہ ملتا ہیں کہ ہم اپنے آپ کو شعبان کے مہینہ میں ہی اللہ کی مہمانی کے لئے آمادہ کرلیں تاکہ جب ماہ مبارک رمضان آئے تو ہم تمام گناہوں سے پاک اور منزہ ہو کر اللہ کے حضور میں اپنے آپ کو پیش کرسکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حوالے:
[۱]۔ مفاتیح الجنان، مناجات شعبانیہ، انصاریان پبلیکیشنز، ص۲۸۷۔
[۲]۔محمد ابن یعقوب کلینی،کافی، دار الکتاب اسلامی، ۱۴۰۷، ج۲، ص۴۲۷۔

Add new comment

Plain text

  • No HTML tags allowed.
  • Web page addresses and e-mail addresses turn into links automatically.
  • Lines and paragraphs break automatically.
2 + 6 =
Solve this simple math problem and enter the result. E.g. for 1+3, enter 4.
ur.btid.org
Online: 22