کردار سازی، خطبہ شعبانیہ کے تناظر میں

Sun, 04/16/2017 - 11:16

خلاصہ: خطبہ شعبانیہ جسے پیغمبر اکرم (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) نے شعبان کے آخری دن ارشاد فرمایا، اس میں ان اعمال کا حکم دیا ہے جو ماہ رمضان سے متعلق ہیں۔

کردار سازی، خطبہ شعبانیہ کے تناظر میں

بسم اللہ الرحمن الرحیم

جب شعبان کا آخری دن ہوا تو پیغمبر اکرم (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) منبر پر تشریف لے گئے اور ماہ رمضان کے متعلق خطبہ ارشاد فرمایا جو دعاوں کی کتب میں "خطبہ شعبانیہ" کے نام سے مشہور ہے۔ آپ (ص) نے اس خطبہ میں بلند مطالب ارشاد فرمائے جو نصیحتوں اور اخلاقی احکام پر مشتمل تھا جن کا خیال رکھنا ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے۔ ہم یہاں پر اس خطبہ کے بعض فقروں کو بیان کرتے ہیں:

۱۔ ماہ رمضان کی فضیلت
أَیُّهَا النَّاسُ إِنَّهُ قَدْ أَقْبَلَ إِلَیْكُمْ شَهْرُ اللَّهِ بِالْبَرَكَةِ وَ الرَّحْمَةِ وَ الْمَغْفِرَةِ…
اے لوگو! اللہ کے مہینہ نے برکت، رحمت اور مغفرت کے ساتھ تمہاری طرف رخ کیا ہے، یہ وہ مہینہ ہے جو:
- پروردگار کی بارگاہ میں، بہترین مہینہ اور اس کے دن بہترین دن اور اس کی راتیں بہترین راتیں اور اس کی گھڑیاں بہترین گھڑیاں ہیں۔
- یہ ایسا مہینہ ہے جس میں تمہیں اللہ کی طرف دعوت دی گئی ہے۔
- اور تمہیں اس مہینہ میں اللہ کی کرامت والوں میں سے قرار دیا گیا ہے۔
- تمہاری سانسیں اس مہینہ میں تسبیح ہیں۔
- اور تمہاری نیند اس مہینہ میں عبادت ہے۔
- اور تمہارا عمل اس مہینہ میں مقبول ہے۔
- اور تمہاری دعائیں اس مہینہ میں مستجاب ہیں۔ پس اللہ سے خلوص نیت اور پاک دل کے ساتھ طلب کرو کہ وہ تمہیں روزہ رکھنے اور اپنی کتاب کی تلاوت کی توفیق عطا کرے کیونکہ بدبخت ہے وہ شخص جو اللہ کی مغفرت میں اس عظیم مہینہ میں محروم کردیا گیا۔

۲۔ ماہ رمضان میں مومنین کے فرائض
وَ اذْكُرُوا بِجُوعِكُمْ وَ عَطَشِكُمْ فِیهِ جُوعَ یَوْمِ الْقِیَامَةِ وَ عَطَشَهُ…
- اور اس مہینہ کی بھوک اور پیاس کے ذریعے، قیامت کی پیاس اور بھوک کو یاد کرو۔
- اور اپنے فقیروں اور مسکینوں کو صدقہ دو۔
- اور اپنے بزرگوں کا احترام کرو اور چھوٹوں پر رحم کرو۔
- اور اپنے رشتہ داروں سے صلہ رحم کرو۔
- اور اپنی زبانوں کو بچاو۔
- اور اپنی نظروں کو ان چیزوں کی طرف دیکھنے سے بچاو جنہیں دیکھنا جائز نہیں ہے۔
- اور اپنے کانوں کو ایسی (آوازوں کو) سننے سے بچاو جنہیں سننا جائز نہیں ہے۔
- اور لوگوں کے یتیموں سے مہربانی کرو جیسے تم اپنے یتیموں کے لئے مہربانی چاہتے ہو۔
- اور اپنے گناہوں سے، اللہ کی بارگاہ میں توبہ کرو۔
- اور اپنی نمازوں کے اوقات میں اپنے ہاتھوں کو اللہ کی طرف دعا کے لئے بلند کرو کیونکہ نماز کے اوقات بہترین وہ اوقات ہیں جس میں اللہ عزوجل اپنے بندوں کی طرف رحمت کی نظر سے دیکھتا ہے، ان کو جواب دیتا ہے جب وہ مناجات کریں اور ان کو لبیک کہتا ہے جب وہ اسے پکاریں اور انہیں عطا کرتا ہے جب وہ اس سے مانگیں اور ان کی اجابت کرتا ہے جب وہ اسے پکاریں۔

۳۔ ماہ رمضان میں توبہ کی ضرورت                          
أَیُّهَا النَّاسُ إِنَّ أَنْفُسَكُمْ مَرْهُونَةٌ بِأَعْمَالِكُمْ فَفُكُّوهَا بِاسْتِغْفَارِكُمْ…
- اے لوگو! بے شک تمہارے نفس تمہارے اعمال کے رہین ہیں، تو ان کو استغفار کے ذریعے رہائی دلاو۔
- اور تمہاری پشتیں تمہارے گناہوں کے بوجھ سے لدی ہوئی ہیں تو انہیں طویل سجدوں کے ذریعے ہلکا کرو۔
- اور جان لو کہ اللہ نے اپنی عزت کی قسم کھائی ہے کہ نمازیوں اور سجدہ کرنے والوں کو عذاب نہ کرے اور انہیں آگ سے نہ ڈرائے جس دن لوگ رب العالمین کی بارگاہ میں کھڑے ہوں گے۔

۴۔ ماہ رمضان میں افطار دینے کا ثواب
أَیُّهَا النَّاسُ مَنْ فَطَّرَ مِنْكُمْ صَائِماً مُؤْمِناً فِی هَذَا الشَّهْرِ…
- اے لوگو! تم میں سے جو شخص، روزہ دار مومن کو اس مہینہ میں افطار دے تو اس کے بدلے میں اللہ کی بارگاہ میں ایک غلام آزاد کرنے کا ثواب ہے اور گذشتہ گناہوں کی بخشش ہے۔
- کسی آدمی نے دریافت کیا: یا رسول اللہ! ہم سب کی تو اس عمل کے انجام دینے پر طاقت نہیں ہے۔ پیغمبر (ص) نے فرمایا: اپنے آپ کو آگ سے بچاو اگرچہ آدھی کھجور سے ہی کیوں نہ ہو، اپنے آپ کو آگ سے بچاو اگرچہ پانی کے ایک گھونٹ سے ہی کیوں نہ ہو۔

۵۔ ماہ رمضان میں خوش مزاجی اور لوگوں کی خدمت کی فضیلت
أَیُّهَا النَّاسُ مَنْ حَسَّنَ مِنْكُمْ فِی هَذَا الشَّهْرِ خُلُقَهُ كَانَ لَهُ جَوَازاً عَلَى الصِّرَاطِ...
- اے لوگو! تم میں سے جو شخص اس مہینہ میں اپنے اخلاق کو اچھا کرے گا وہ صراط سے گزر جائے گا، جس دن قدم ڈگمگائیں گے۔
- اور جو شخص اس مہینہ میں اپنے ماتحت سے نرمی کرے گا تو اللہ اس کے حساب میں قیامت کے دن نرمی کرے گا۔
- اور جو شخص اس مہینہ میں اپنے شر سے (لوگوں کو) بچائے گا، اللہ قیامت کے دن ا اسے اپنے غضب سے بچائے گا۔
- اور جو شخص اس مہینہ میں کسی یتیم پر احسان کرے گا، اللہ قیامت کے دن اس پر احسان کرے گا۔
- اور جو شخص اس مہینہ میں اپنے رشتہ داروں سے صلہ رحم کرے گا، اللہ قیامت کے دن اسے اپنی رحمت سے متصل کرے گا
- اور جو شخص اس مہینہ میں اپنے رشتہ داروں سے تعلق قطع کردے گا تو اللہ اپنی رحمت کو قیامت کے دن اس سے تعلق قطع کردے گا۔

۶۔ ماہ رمضان میں مستحب نماز اور تلاوت قرآن کا ثواب
وَ مَنْ تَطَوَّعَ فِیهِ بِصَلَاةٍ كَتَبَ اللَّهُ لَهُ بَرَاءَةً مِنَ النَّارِ...
- اور جو شخص اس مہینہ میں مستحب نماز پڑھے گا تو اللہ اس کے لئے آگ سے نجات لکھ دے گا۔
- اور جو شخص اس مہینہ میں ایک واجب نماز بجا لائے گا اس کے لئے اس آدمی کا ثواب ہوگا جو دوسرے مہینوں میں ستر نمازیں پڑھے۔
- اور جو شخص اس مہینہ میں مجھ پر زیادہ سے زیادہ صلوات بھیجے گا، اللہ اس کے میزان کو وزنی کردے گا جس دن میزان ہلکے ہوں گے۔
- اور جو شخص اس مہینہ میں قرآن کی ایک آیت کی تلاوت کرے گا، اس کے لئے اس آدمی کے ثواب جیسا ثواب ہوگا جو دوسرے مہینوں میں ختم قرآن کرے۔

۷۔ ماہ رمضان میں جنت کے دروازوں کا کھلا رہنا اور جہنم کے دروازوں کا بند رہنا
أَیُّهَا النَّاسُ إِنَّ أَبْوَابَ الْجِنَانِ فِی هَذَا الشَّهْرِ مُفَتَّحَةٌ...
- اے لوگو! اس مہینہ میں جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں تو اپنے پروردگار سے طلب کرو کہ ان کو تم پر بند نہ کردے۔
- اور جہنم کے دروازے بند ہیں تو اپنے پروردگار سے طلب کرو کہ تم پر ان کو نہ کھولے۔
- اور شیاطین بندھے ہوئے ہیں تو اپنے پروردگار سے طلب کرو کہ ان کو تم پر مسلط نہ کرے۔

۸۔ ماہ رمضان میں بہترین عمل
الْوَرَعُ عَنْ مَحَارِمِ اللَّهِ....
- حضرت علی (علیہ السلام) فرماتے ہیں: پس میں کھڑا ہوا اور عرض کیا: یا رسول اللہ! اس مہینہ میں بہترین عمل کیا ہے؟ پیغمبر اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا: اے اباالحسن! اس مہینہ میں بہترین عمل محرمات الہی سے پرہیز کرنا ہے"۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حوالہ:ماخوذہ و ترجمہ شدہ:
سائٹ حوزہ نٹ، میگزین ارمغان - تابستان ۱۳۸۶ - شماره ۳ - بخش اول: رمضان و روزه، آموزه های قرآنی و روایی، بایسته ها و... سے ماخوذہ و ترجمہ شدہ۔

Add new comment

Plain text

  • No HTML tags allowed.
  • Web page addresses and e-mail addresses turn into links automatically.
  • Lines and paragraphs break automatically.
2 + 9 =
Solve this simple math problem and enter the result. E.g. for 1+3, enter 4.
ur.btid.org
Online: 58