امام رضا(ع) اورعبادت و تقوی

Sun, 04/16/2017 - 11:16

خلاصہ: اس مضمون میں امام رضا علیہ السلام کی عبادت کو مختصر طور پر پیش کیا گیا۔

امام رضا(ع) اورعبادت و تقوی

     یقینا عبادت و تقوی، ایسے اہم عناصر ہیں  جن کی صحیح معنوں میں رعایت اور پابندی سے انسان کمال کی منزلوں کو طے کرسکتا ہے اور اپنی دنیاوی اور اخروی زندگی کو بآسانی سنوار سکتا ہے۔عبادت و تقوی، کمال کی سعادتوں اور ترقی و کامیابی کی ضمانت ہوا کرتے ہیں، شاید یہی وجہ رہی ہو جو ہمارے معصومین علیہم السلام نے اس امر کی جانب بھر پور توجہ دی اور اپنی تمام ذمہ داریوں کے باوجود اس امر کے لئے خاص اہتما م کیا کرتے تھے۔ انھیں معصومین علیہم السلام میں سے آج ہم امام رضا علیہ السلام کی عبادت کی جھلک  کو اس مختصر تحریر میں دیکھنے کی کوشش کرینگے۔

     عبادت و تقوی آپ(ع) کے بابرکت وجود  کا نمایاں پہلو تھا، دیگر ائمہ کی طرح، امام رضا(ع) بھی اس امر کو تمام کمالات تک پہونچنے کا اہم راستہ  سمجھتے تھے۔ اس امر کی طرف آپ(ع) نے اپنے عمل کے ذریعہ بہترین طریقہ سے رہنمائی فرمائی ہے جن میں سے کچھ مندرجہ ذیل ہیں:

اکثر اوقات، دنوں میں  روزہ رکھتے تھے ، خاص طورپر ہر مہینہ کے پہلے، درمیانی اور آخری دن میں، اور فرماتے تھے: «ذلک صوم الدهر» اگر کوئی ان چند دنوں میں روزہ رکھے تو گویا اس نے تمام سال روزہ رکھا۔(۱)

رات و دن میں ہزار رکعت نماز پڑھتے تھے۔(۲)

 آپ(ع) کے سجدہ بہت طولانی ہوا کرتے تھے، اس طرح سے کہ نماز صبح کے بعد سے طلوع آفتاب تک آپ سجدہ میں ہوا کرتے تھے۔(۳)

قرآن کی تلاوت بہت کیا کرتے تھے، امام(ع) کو قرآن سے اس قدر انس تھا کہ آپ  کی گفتگو کا محور قرآن ہوا کرتا تھا، ہر سوال کا جواب قرآن سے دیا کرتے تھے، آپ کی مثالیں بھی قرآنی مفاہیم کا لب و لباب ہوا کرتی تھیں۔(۴)

رجاء ابن ابی ضحاک جوکہ مامون کی جانب سے مامور تھا کہ امام رضا علیہ السلام  کے مدینہ سے خراسان کے  سفر میں ساتھ رہے، اپنے سفر کے اختتام میں مامون سے کہتا ہے: خدا کی قسم کسی کو ان (امام علیہ السلام) سے زیادہ پرہیزگار  نہیں پایا اور  ان سے زیادہ کسی کو یاد خدا اور خوف خدا کی حالت میں نہیں دیکھا۔(۵)

امام (ع) نے دعبل خزاعی کو ایک لباس ہدیہ میں دیا اور ان سے فرمایا: میں نے اس کپڑے میں ہزار رکعت نماز پڑھی ہے اور ہزار مرتبہ قرآن کو ختم کیا ہے۔(۶)

     مندرجہ بالا باتوں اور شواہد سے اس بات کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ  یقینا یہ امر، انسانی زندگی کی انتہائی اہم ضرورتیں ہیں تبھی تو خداوند عالم نے عبادت کو واجب قرار دیا اور ہمارے معصومین علیہم السلام نے اس  کو بخوبی انجام دیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

حوالے:

۱۔ ابی جعفر، محمد بن علی بن حسین شیخ صدوق، علل الشرایع، ج ۲ ص ۴۳۲.

۲۔مذکورہ کتاب. ج ۲ ص ۴۳۰/شیخ عباس قمی، سفینةالبحار، ج ۲ ص ۳۹۲.

۳۔ ابی جعفر، محمد بن علی بن حسین شیخ صدوق، علل الشرایع ، ج ۲ ص ۴۱۸.

۴۔ ابی جعفر، محمد بن علی بن حسین، شیخ صدوق علل الشرایع ، ج ۲ ص ۴۲۰.

۵۔مذکورہ حوالہ

۶۔ محمد بن حسن طوسی، الامالی، ص ۵۳۹.

Add new comment

Plain text

  • No HTML tags allowed.
  • Web page addresses and e-mail addresses turn into links automatically.
  • Lines and paragraphs break automatically.
2 + 2 =
Solve this simple math problem and enter the result. E.g. for 1+3, enter 4.
ur.btid.org
Online: 57