فرقۂ مفوضہ اور امام حسن عسکری(علیہ السلام)

Sun, 04/16/2017 - 11:16

خلاصہ: امام حسن عسکری(علیہ السلام) کے زمانہ میں ایک فرقہ، مفوضہ کے نام سے جانا جاتا تھا، یہ لوگ اس بات کے قائل تھے کے خدا نے رسول خدا(صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم) کو خلقت کی ذمہ داری سونب دی ہے، امام حسن عسکری(علیہ السلام) نے اس فرقہ کے بارے میں جو بیان کیا ہے اس کو اس مضمون میں بتایا گیا ہے۔

فرقۂ مفوضہ اور امام حسن عسکری(علیہ السلام)

بسم اللہ الرحمن الرحیم
     حضرت امام حسن عسکری(علیہ السلام)  کے زمانۂ حیات میں بعض ایسے لوگ بھی تھے جو مفوضہ کہلاتے تھے، مفوضہ ایسا گروہ ہے جو کہتا ہے کہ خداوند متعال نے حضرت محمد(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو خلق فرمایا اور پھر دنیا کی خلقت حضرت کو سونپ دی، اس عقیدے کی بنیاد پر دنیا اور دنیا میں موجود ہر چیز کے خالق حضرت رسول اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم )ہیں، بعض نے کہا ہے کہ دنیا اور اس میں موجود ہر چیز کی خلقت حضرت امیر المؤمنین(علیہ السلام) کے حوالےکردی گئی[۱]۔
     مفوضہ کا یہ عقیدہ قرآنی آیات کی روشنی میں باطل ہے کیونکہ قرآنی آیات میں خداوند متعال آسمانوں، زمینوں اور تمام موجودات کا خالق اور وجود بخشنے والا ہے اور انبیاء کے اندر حضرت حق کی اذن و مشیت کے مطابق بہت سارے امور انجام دینے کی صلاحیت و استعداد پائی جاتی ہے جوکہ دوسرے عام لوگوں میں نہیں ہوتی لیکن اس کے باوجود خلقت کا مسئلہ اِن کی طرف منسوب نہیں ہے بلکہ قرآن کریم میں موجود دسیوں آیات ایسی ہیں جو خلقت کے مسئلہ کو براہ راست خداوند متعال کی طرف نسبت دیتی ہیں، جن میں سے دو آیتیں یہ ہیں:
۱۔ « الَّذِي خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ وَمَا بَيْنَهُمَا فِي سِتَّةِ أَيَّامٍ ثُمَّ اسْتَوَى عَلَى الْعَرْشِ الرَّحْمَنُ فَاسْأَلْ بِهِ خَبِيراً[سورۂ فرقان ، آیت:۵۹]اس نے آسمان و زمین اور اس کے درمیان کی مخلوقات کو چھ دنوں کے اندر پیدا کیا ہے اور اس کے بعد عرش پر اپنا اقتدار قائم کیا ہے وہ رحمان ہے اس کی تخلیق کے بارے میں اسی باخبر سے دریافت کرو»۔
۲۔ «أَوَلَمْ يَرَوْا أَنَّ اللَّهَ الَّذِي خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ وَلَمْ يَعْيَ بِخَلْقِهِنَّ بِقَادِرٍ عَلَى أَنْ يُحْيِيَ الْمَوْتَى بَلَى إِنَّهُ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ اً[سورۂ احقاق ، آیت:۳۳] کیا انہوں نے نہیں دیکھا کہ جس خدا نے آسمان و زمین کو پیدا کیا ہے اور وہ ان کی تخلیق سے عاجز نہیں تھا وہ اس بات پر بھی قادر ہے کہ مردوں کو زندہ کردے کہ یقینا وہ ہر شئ پر قدرت رکھنے والا ہے»۔
     مذکورہ دو اور ایسی ہی دوسری دسیوں آیات میں قابل توجہ یہی نکتہ ہے کہ خداوند متعال نے آسمانوں، زمین اور ان کے درمیان تمام موجودات کی خلقت کو اپنی طرف نسبت دی ہے۔

امام حسن عسکری(علیہ السلام) کی نظر مفوضہ کے بارے میں:
     ابو نعیم محمد ابن احمد انصاری کا کہنا ہے: مفوضہ کے چند افراد نے کامل ابن ابراہیم مدنی کو امام عسکری(علیہ السلام) کی خدمت میں بھیجا، کامل کہتے  ہیں: میں نے سوچا کہ جب امام عسکری(علیہ السلام) کے پاس پہنچوں گا تو ان سے روایت ہونے والی حدیث ’’جنت میں فقط وہی داخل ہوگا جو میری معرفت رکھتا ہوگا‘‘ کے بارے میں سوال کرونگا، میں دروازے کے پاس جاکر بیٹھا ہوا تھا کہ کچھ دیر بعد اندر سے ایک آوازن آئی: اے کامل ابن ابراہیم! کیا وليِ خُدا کے پاس آئے ہو تاکہ اُس سے اس حدیث’’لا یدخل الجنۃ الا من عرف معرفتی‘‘کے بارے میں پوچھو؟ میں نے کہا: بالکل ایسا ہی ہے خدا کی قسم، امام(علیہ السلام) نے فرمایا:خدا کی قسم جنت میں داخل ہونے والے لوگ بہت کم ہیں اور خدا کی قسم جنت میں فقط وہی داخل ہوگا جو اہل حق، حقیہ کہلاتے ہوں گے، میں نے پوچھا: حقیہ کون لوگ ہیں؟ امام(علیہ السلام)نے فرمایا: وہ ایسا گروہ ہے جو محبت علی(علیہ السلام) کے واسطہ سے ان کے حق کی قسم کھاتے ہیں جبکہ ان کی حقیقت و فضیلت کی گہرائیوں کا درک و شعور نہیں رکھتے۔ پھر امام(علیہ السلام) نے فرمایا: تم آئے ہو تاکہ مفوضہ کی عقیدہ کے بارے میں سوال کرو، (تو سنو) وہ لوگ جھوٹ بولتے ہیں کیونکہ ہمارے قلوب خداوند عزوجل کی مشیت و ارادے سے سرشار ہیں، جو کچھ خداوند عالم چاہتا ہے، ہم چاہتے ہیں اور خدا فرماتا ہے: تم اولیائے خُداوہی چاہتے ہو جو خدا چاہتا ہے بے شک خدا علیم اور حکیم ہے[۲]۔
     حضرت امام حسن عسکری(علیہ السلام) کے با اثر اور پُر معنی کلام سے واضح ہو جاتا ہے کہ مفوضہ جس انداز میں تفویض کے قائل ہیں وہ ایک ناروا نسبت ہے اور اس طرح کا عقیدہ قرآن کریم کی آیات اور اہلبیت(علیہم السلام )کی روایات کی روشنی میں باطل اور ناقابل قبول ہے[۳]۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حوالے:
[۱]۔ فخر الدين طريحي، مجمع البحرين، مرتضوى - تهران، تیسری چاپ،  ۱۲۷۵ش، ج۴، ص۲۲۳.
[۲]۔محمد باقر مجلسى، بحار الأنوار، دار إحياء التراث العربي،  ج۶۹، ص۱۶۳، ۱۴۰۲ ق.
[۳]۔ علی اکبر جھانی، زندگی امام حسن عسگری(علیہ السلام)، چاپخانہ سپھر، ص۱۴۶، ۱۳۸۴ش۔

Add new comment

Plain text

  • No HTML tags allowed.
  • Web page addresses and e-mail addresses turn into links automatically.
  • Lines and paragraphs break automatically.
3 + 15 =
Solve this simple math problem and enter the result. E.g. for 1+3, enter 4.
ur.btid.org
Online: 70